0
Friday 14 May 2021 23:41

سعودی فوجی اتحاد کو اسرائیلی دہشتگردی کیوں نظر نہیں آرہی، ثروت اعجاز قادری

سعودی فوجی اتحاد کو اسرائیلی دہشتگردی کیوں نظر نہیں آرہی، ثروت اعجاز قادری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری کا کہنا ہے کہ عیدالفطر کے مسرت موقع پر ہمارے دل رنجیدہ ہیں، عیدالفطر پر فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے یوم فلسطین منا رہے ہیں، مقبوضہ فلسطین میں نہتے مسلمانوں پر اسرائیلی فوج بمباری کر رہی ہے، ہزاروں لوگ زخمی اور سینکڑوں شہید ہو چکے ہیں، مسلم حکمران مذمت سے کام چلا رہے ہیں، فلسطین کی زمین لہو لہو ہے، سلامتی کونسل عالمی نہیں بلکہ یہود و نصاریٰ کو شیلٹر دینے کا ادارہ بن گیا ہے، اسرائیل کی ناجائز ریاست کو ختم ظلم و جبر اور بمباری کو روکنے کیلئے کوئی اقدام نہیں کر رہا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے عیدالفطر کے موقع پر اپنی رہائش گاہ قادری ہاؤس پر عید ملنے کیلئے آنے والے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ فلسطین کے عوام بے یار و مددگار اللہ اور مسلمانوں بھائیوں کو پکار رہے ہیں، سلامتی کونسل کا فلسطین کی کشیدگی پر غور اور اسے ختم کرنے کی بجائے اجلاس مؤخر کرنا سوالیہ نشان ہے۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ مقبوضہ فلسطین میں اسرائیلی مظالم پر سلامتی کونسل کی بے رخی انصاف کا قتل اور ظالم کو طاقت دینے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین، کشمیر کو جہاد سے ہی آزادی دلائی جا سکتی ہے، صیہونی فورسز نے عالمی قوانین کو روندتے ہوئے انسانیت دشمن تمام حدیں پار کر دی ہیں، اقوام متحدہ امریکا اور اسرائیل کی لونڈی بننے کی بجائے انصاف کا جھنڈا بلند کرے۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی اور سعودی عرب کا 37 ممالک اتحاد کہاں ہیں، فلسطین میں اسرائیلی دہشتگردی ظکم و ستم کے کالے پہاڑ انہیں کیوں نظر نہیں آرہے، او آئی سی مسلم ممالک کے عوام کی حفاظت اور انہیں حقوق نہیں دلا سکتی تو ایسی تنظیم کو ختم ہو جانا چاہیے، مظلوموں کو انصاف دلانا بھی جہاد ہے۔
خبر کا کوڈ : 932525
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش