0
Saturday 15 May 2021 14:25

کالا بازاری اور مہنگائی نے لوگوں کی زندگی جہنم بنادی ہے، اکھلیش یادو

کالا بازاری اور مہنگائی نے لوگوں کی زندگی جہنم بنادی ہے، اکھلیش یادو
اسلام ٹائمز۔ سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھیلیش یادو نے کہا کہ بھارتی ریاست اترپردیش کی حالت زار کو جھوٹے اعداد و شمار کی بازی گری سے چھپایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اموات کا سچ بھی حکومت کو نظر نہیں آرہا ہے، اس کے برعکس بی جے پی قیادت کے ذریعہ حکومت کو آگاہ کرنے والے اپوزیشن لیڈروں کو بدنام کرنے کے لئے ایک مہم چلائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے اخلاقیات اور شرم و حیا سب کچھ مات دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت شاید یہ سمجھ رہی ہے کہ عوام کو اپنی آنکھوں سے جو سچ دکھ رہا ہے اس پر وہ جھوٹ کا پردہ ڈال دے گی۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا روزانہ آکسیجن کی بلیک مارکیٹنگ، ادویات اور انجیکشنوں میں بے انتہا منافع خوری اور اسپتالوں میں لوٹ کی حقیقت دکھا رہا ہے، اس پر روک لگانے کے سرکاری بیانات صرف بہکانے کے لئے دئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سچ تو یہ ہے کہ حکومت اور انتظامیہ کی ملی بھگت سے کالے کاروبار پھل پھول رہے ہیں، ہر سانس کی بی جے پی راج میں نیلامی ہورہی ہے۔

سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے کہا ہے کہ عوام کو بدحال کرنے کے لئے ہی سرکاری طور پر ڈیزل و پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے، زندگی بچانے والے آکسیجن سیلنڈر پر 18 فیصد جی ایس ٹی لگا کر 50 روپے مہنگا کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے غریب، لاچار اور مجبور لوگوں سے لوٹ مار کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے، اشیائے خورد و نوش، پھل اور سبزیوں کی قیمتیں اچانک مارکیٹ میں بڑھ گئیں۔ انہوں نے کہا کہ خود یو پی کے وزیراعلٰی کے آبائی ضلع گورکھپور میں عوام منافع خوروں اور چوروں سے دوچار ہیں۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ حزب اختلاف جمہوریت میں حکمران جماعت سے کم اہم کردار ادا نہیں کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کمیوں کی نشاندہی پر اپوزیشن کے تئیں ناروا سلوک اور بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈا کرنا غیر جمہوری اور غیر اخلاقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقیقت سے منہ چرا کر بی جے پی حکومت کب تک لوگوں کو دھوکہ دے گی۔
خبر کا کوڈ : 932627
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش