0
Saturday 15 May 2021 16:42

لبنان، حزب اللہ کے وفد کی حماس و جہاد اسلامی کے نمائندوں کیساتھ ملاقات

لبنان، حزب اللہ کے وفد کی حماس و جہاد اسلامی کے نمائندوں کیساتھ ملاقات
اسلام ٹائمز۔ لبنانی روزنامہ الاخبار نے اطلاع دی ہے کہ شیخ نعیم قاسم کی سربراہی میں حزب اللہ لبنان کے ایک وفد نے گذشتہ شب لبنان میں فلسطینی مزاحمتی تحریکوں حماس و جہاد اسلامی کے نمائندوں کے ساتھ ملاقات کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق حزب اللہ لبنان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل نے سربراہ جہاد اسلامی زیاد النخالہ اور لبنان میں حماس کے نمائندوں اسامہ حمدان و احمد عبدالہادی کے ساتھ ملاقات میں تاکید کی ہے کہ حزب اللہ لبنان، اپنے سربراہ سید حسن نصراللہ کے حکم کے مطابق؛ سربلند و دلیر فلسطینی مزاحمتی محاذ کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی قوم ایک ایسی عظیم قوم ہے، جس نے غاصب صیہونی رژیم جیسے کمینے دشمن کے مقابلے میں بھی انتہائی شرافتمندانہ موقف اپنا رکھا ہے۔

حزب اللہ لبنان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ حزب اللہ ہمیشہ سے فلسطینی مزاحمتی محاذ، عوامی جہاد اور قدس شریف کی آزادی کی راہ میں ہونے والی جدوجہد کے ساتھ عملی طور پر شریک رہی ہے اور نہ صرف ہمیشہ ان کے ساتھ رہے گی بلکہ ان تمام مقاصد کے حصول کے لئے اپنے وظائف پر عملدرآمد بھی کرتی رہے گی۔ شیخ نعیم قاسم نے زور دیتے ہوئے کہا کہ آج فلسطین کی حمایت کا دعویٰ کرنے والے ہر شخص کو چاہیئے کہ وہ فلسطینی مزاحمتی محاذ کے ساتھ آ کھڑا ہو کیونکہ وہ شخص جو فلسطینی مزاحمتی محاذ کے ساتھ نہیں، فلسطین کے ساتھ بھی نہیں، چاہے وہ فلسطین کی حمایت میں دھواں دھار تقریریں ہی کیوں نہ کرتا رہے کیونکہ آج فلسطین کو جہاد، شہادت اور عملی مدد کی ضرورت ہے۔

انہوں نے اپنی گفتگو میں تاکید کی کہ آج فلسطینی سرزمین پر ایک نیا دفاعی توازن رقم ہو رہا ہے، جو فلسطینی جغرافیائی سالمیت اور قدس شریف، 1948ء کی مقبوضہ سرزمینوں، مغربی کنارے اور غزہ میں موجود مزاحمتکاروں اور میزائل پاور پر مبنی ہے۔ شیخ نعیم قاسم نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کو جان لینا چاہیئے کہ فلسطینی عوام اپنی سرزمین کی کسی ایک بالشت کو بھی دشمن کے قبضے میں باقی رہنے نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل جان لے کہ قدس "قدس الاقداس" (تمام مقدس مقامات سے زیادہ مقدس) ہے جبکہ اس کے حامیوں و جانثاروں میں نہ صرف فلسطینی بلکہ پورے کا پورا خطہ اور عالم اسلام بھی شامل ہے۔
خبر کا کوڈ : 932659
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش