0
Saturday 15 May 2021 19:49

کراچی، مجلس وحدت مسلمین کی فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کیخلاف احتجاجی ریلی

کراچی، مجلس وحدت مسلمین کی فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کیخلاف احتجاجی ریلی
اسلام ٹائمز۔ سرزمین مقدس فلسطین میں اسرائیلی جارحیت اور لشکر کشی کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن نے فوارہ چوک سے کراچی پریس کلب تک ریلی نکالی اور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاجی مظاہرے میں ایم ڈبلیو ایم کراچی کے سیکرٹری جنرل علامہ صادق جعفری، علامہ حسن ظفر نقوی، جمعیت علمائے پاکستان کے رہنما مولانا قاضی احمد نورانی، پی ٹی آئی کے رہنما اسرار عباسی، جماعت اسلامی کراچی کے رہنماء یونس براہی، ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما محفوظ یار خان، علی حسین نقوی، علامہ مرزا یوسف حسین، پاکستان عوامی تحریک کے رہنماء راؤ کامران، علامہ مبشر حسن، علامہ علی انور سمیت کارکنان، سیاسی، سماجی و مذہبی شخصیات اور سول سوسائٹی کے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے بینرز اٹھا رکھے تھے، جن پر اسرائیل و امریکا کے خلاف نعرے درج تھے۔ احتجاجی مظاہرے میں عالمی استکباری طاقتوں کے خلاف شدید نعرہ بازی بھی کی گئی۔ کورونا سے متعلق حکومتی ایس او پیز پر عمل کرنے کے حوالے سے شرکاء احتجاج نے انتہائی ذمہ دارانہ انداز اختیار کیا۔

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے علامہ صادق جعفری کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے فلسطین پر حملہ نہیں کیا بلکہ عالم اسلام کی غیرت و حمیت پر حملہ کیا ہے، دنیا کی باطل قوتیں مجتمع ہونا شروع ہوگئی ہیں، اگر مسلمان حکمرانوں نے ''امت مسلمہ'' کی ''خوشنما لفاظی'' سے نکل کر اس کا عملی اظہار نہ کیا تو پھر تاریخ میں وہ عالم اسلام سے غداری کے مرتکب ہونے والوں کی صف میں کھڑے نظر آئیں گے۔ انہوں نے کہا اب کسی مصلحت یا منفعت کا وقت نہیں ہے، اب حق و باطل کا معرکہ ہے، مسلمانوں کو یہ ثابت کرنا ہے کہ وہ محض اسلام کے نام لیوا نہیں بلکہ اس کے دفاع کیلئے جان و دل سے تیار ہیں۔ علامہ صادق جعفری نے کہا کہ 16 مئی کو مرکزی قائدین کی حکم پر امریکا و اسرائیل کے خلاف ملک بھر میں احتجاج ہوگا، 16 مئی کے دن ملکی عوام غاصب اسرائیل و امریکا کے خلاف بھرہور احتجاج کریں گے، ملکی عوام کے دل اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔

علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ اسرائیل کے خلاف پاکستانی حکومت دو ٹوک اور واضح مؤقف اختیار کرے، مسئلہ فلسطین محض زمینی تنازع نہیں بلکہ یہ نسلوں کی بقاء کا مسئلہ ہے، بیت المقدس سے صرف فلسطینیوں کا تعلق نہیں بلکہ ہر کلمہ گو کی اس سے جذباتی وابستگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ پاکستان کی طرف سے مشکل کی اس گھڑی میں فلسطینی مسلمانوں کی جانی و مالی امداد کا اعلان کرکے طاغوتی طاقتوں کو یہ باور کرانا ہوگا کہ جب بھی جہاں بھی عالم اسلام کا یہود و نصاریٰ سے کوئی معرکہ ہوگا، ہم مسلمانوں کی صف میں کھڑے نظر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ پاکستان کی طرف سے خوراک، ادویہ اور دیگر ضروری ساز و سامان فلسطین بھیجنے کیلئے جتنی جلدی ممکن ہو اعلان کیا جائے۔

علامہ قاضی احمد نورانی نے کہا کہ اسرائیل امت مسلمہ کے قلب پر خنجر کی مانند ہے، 1948ء کو دنیا میں اسرائیل نام کی ایک جعلی ریاست کا قیام ہوا، سب سے پہلے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ نے جعلی ریاست کو تسلیم نہیں کیا، اسرائیل کے ہاتھوں ہزاروں بے گناہ فلسطینی مارے گئے، شہدائے فلسطین کو سلام پیش کرتے ہیں، یہود و نصاریٰ امت مسلمہ کے سب سے بڑے دشمن ہیں، امت مسلمہ کو متحد ہوکر امریکا و اسرائیلی کے خلاف اعلان جہاد کرنا ہوگا، مسئلہ فلسطین کا حل مسلم امہ کے اتحاد و مزاحمت کے بغیر ممکن نہیں۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ اسلامی فوجی اتحاد اور او آئی سی سمیت دیگر عالمی اسلامی اداروں کو اسرائیل کے خلاف اپنا سکوت توڑ کر یہ واضح کرنا ہوگا کہ ان کا قیام اسلام کے دفاع کیلئے تھا یا ان کے پس پردہ کوئی اور مقاصد تھے۔

مقررین نے کہا کہ وہ اسلامی ممالک جو مسلم امہ کے نزدیک ایک باوقار اور جرأت مندانہ مقام رکھتے ہیں، ان کیلئے اپنے اس تشخص کو برقرار رکھنے یا ثابت کرنے کا اس سے بہتر وقت نہیں ملے گا، تاریخ بڑی بے رحم ہے، اچھے بُرے تمام کرداروں کو ہمیشہ یاد رکھتی ہے۔ انہوں نے اسرائیل کو یہ باور کرایا کہ فلسطین کوئی آسان ہدف نہیں جسے آسانی سے سر کر لیا جائے، آج کا فلسطین جدید جنگی ہتھیاروں سے لیس اور ایمان کی اس دولت سے مالا مال ہے، جسے افرادی برتری سے شکست نہیں دی جا سکتی، اسرائیل نے جو آگ بھڑکائی ہے، یہ اس کے اپنے دامن سے لپٹ کر اسے جلا کر راکھ کا ڈھیر کر دے گی۔ مظاہرے کے اختتام پر امریکا و اسرائیلی پرچم نذر آتش کئے گئے۔
خبر کا کوڈ : 932688
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش