0
Saturday 15 May 2021 23:00

مقبوضہ کشمیر میں نوجوان فنکار ’ہم فلسطینی ہیں‘ کی گرافٹی بنانے پر گرفتار

مقبوضہ کشمیر میں نوجوان فنکار ’ہم فلسطینی ہیں‘ کی گرافٹی بنانے پر گرفتار
اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر میں مختلف سیاسی جماعتوں کے سربراہان اور رہنما فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت کے خلاف مسلسل بیانات دے رہے ہیں۔ کئی افراد نے سوشل میڈیا پر اسرائیل کی مذمت کی جس کے بعد پولیس نے سخت کارروائی کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پولیس کے مطابق ایسے افراد جو غزہ یا دیگر فلسطینی علاقوں میں پیش آنے والے واقعات کی آڑ لے کر مقبوضہ کشمیر میں امن و امان کو غارت کرنے کے درپے ہیں ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس وجے کمار نے ہفتے کو سرینگر میں دئیے گئے ایک بیان میں کہا کہ جموں و کشمیر پولیس ایسے عناصر پر کڑی نگاہ رکھے ہوئے ہے جو کشمیر میں امن و امان کو خراب کرنے کے لئے فلسطین کی صورتحال سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں، ایسے لوگوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

قبل ازیں پولیس نے ہفتے کو علی الصبح جنوبی ضلع شوپیاں کے ایک مبلغ اور پیش امام سرجان برکتی کو ان کے گھر سے گرفتار کیا تھا۔ مقامی ذرائع کے مطابق سرجان برکتی نے عید کے روز شوپیاں کی ایک مسجد میں تقریر کرتے ہوئے فلسطینیوں سے یکجہتی کا اظہار کیا تھا۔ ادھر مقبوضہ کشمیر کی پولیس نے ایک ایسے آرٹسٹ کے خلاف کارروائی کی ہے جس نے دو روز قبل دارالحکومت سرینگر کے ایک علاقے میں ایک واٹر ٹنک کے ساتھ بنائے گئے آہنی پُل پر ایک فلسطینی عورت کی تصویر بنائی تھی جس کی آنکھوں سے آنسو بہہ رہے تھے اور اس کے سر ڈھکنے کے رومال پر فلسطین کا جھنڈا بنایا گیا تھا۔ ان کی اس گرافٹی پر انگریزی میں لکھا گیا تھا کہ ’ہم فلسطین ہیں‘۔ جبکہ آہنی چبوترے پر فلسطین کا پرچم لہرایا گیا تھا۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق آرٹسٹ مدثر گُل کو کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت حراست میں لے لیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق جس وقت مدثر یہ گرافٹی بنا رہے تھے وہاں جمع ہونے والی ایک بھیڑ نے اسرائیل اور امریکہ کے خلاف نعرے لگائے تھے۔ جمعہ کو پیش آنے والے اس واقعے کے فوراََ بعد پولیس علاقے میں پہنچی تھی اور مدثر گل کو اُن کے گھر سے نکال کر اُس جگہ لے گئی تھی جہاں یہ گرافٹی بنائی گئی تھی۔ مدثر گل کے بڑے بھائی بدر السلام کا کہنا تھا کہ پولیس نے انہیں گرافٹی کو مٹانے کے لئے کہا جس پر آرٹسٹ نے اس پر کالا رنگ پھیر دیا تھا۔ بعد میں پولیس نے علاقے میں اسرائیل مخالف مظاہرے میں حصہ لینے والے تقریباً بیس نوجوانوں کو بھی گرفتار کیا۔
خبر کا کوڈ : 932710
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش