QR CodeQR Code

آئی ایس او کراچی کی مردہ باد امریکہ و نامنظور اسرائیل ریلی، فلسطینیوں کی نسل کشی کی شدید مذمت

16 May 2021 21:31

کراچی پریس کلب پر اختتامی احتجاجی جلسے سے خطاب میں رہنماؤں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کا اسرائیلی جارحیت کے خلاف حماس کے حملے کی مذمت کرنا اور حماس سے حملوں کی بندش کرنے کا مطالبہ اسرائیل سے انکی ہمددری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔


اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائنزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کی جانب سے 'مرکزی امریکہ مردہ باد و نامنظور اسرائیل ریلی نمائش چورنگی سے کراچی پریس کلب تک نکالی گئی، جس میں رہنماء پاک سرزمین پارٹی و سابق ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرہ، آل پاکستان شیعہ ایکشن کمیٹی کے مرکزی محرک مولانا مرزا یوسف حسین، شیعہ علماء کونسل کے رہنماء مولانا ناظر عباس تقوی، مجلس وحدت مسلمین کراچی کے سیکرٹری جنرل مولانا صادق جعفری، علامہ صادق تقوی، صدر آل سٹی تاجر اتحاد ایسوسی ایشن شرجیل گوپلانی سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

شرکاء ریلی سے خطاب کرتے ہوئے شیعہ علماء کونسل کے رہنماء علامہ ناظر عباس تقوی کا کہنا تھا کہ 14 مئی وہ دن ہے کہ جس دن اسرائیل کا ناپاک وجود عالم اسلام کے قلب میں خنجر کی طرح گھونپا گیا اور 16 مئی وہ دن ہے کہ جب امریکا نے ناجائز اولاد کے وجود کو نہ صرف سفارتی سطح پر تسلیم کیا بلکہ دوسرے کمزور ممالک کو بازور قوت تسلیم کروایا، مسلمانوں اور مستضعفین کے خلاف ایک بین الاقوامی استکباری سازش کو پروان چڑھایا اور اسرائیل کے وجود کو قوت بخشی، اسی لئے اس دن کو قائد ملت جعفریہ شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی ؒ نے یوم مردہ باد امریکا قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو وجود میں لانے کا سب سے بڑا سبب امریکہ اور برطانیہ ہیں، جو آج بھی اقوام متحدہ میں اس کے حامی اور پشت پناہ ہیں۔

شرکاء ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ارشد وہرہ نے کہا کہ عالم اسلام کے تمام حکمرانوں پر لازم ہے کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں اور دشمن اسلام امریکہ اور اسکے حواریوں سے اظہار برات کریں۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کا اسرائیلی جارحیت کے خلاف حماس کے حملے کی مذمت کرنا اور حماس سے حملوں کی بندش کرنے کا مطالبہ اسرائیل سے ان کی ہمددری کا منہ بولتا ثبوت ہے، متحدہ عرب امارات والے اپنے آقا امریکہ و اسرائیل کو خوش کرنے میں اتنے بے حیا ہوچکے ہیں کہ ان کو مظلوم فلسطینیوں کا بہتا ہوا خون اور ان کی آہ و بکا تک سنائی نہیں دے رہی، عرب ممالک نے اپنی بادشاہت بچانے کی خاطر ناسور اسرائیل کو عرب خطے میں جگہ دی ہے، عرب ممالک فلسطینیوں کے خون میں برابر کے شریک ہیں۔

شیعہ ایکشن کمیٹی کے رہنماء علامہ مرزا یوسف حسین نے کہا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے مسئلہ فلسطین سے متعلق 2 ریاستی حل کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہیں، حکومت کی 2 ریاستی حل کی پالیسی نظریہ پاکستان اور قائداعظم کے اصولوں سے سنگین غداری ہے، جبکہ دو ریاستی حل کو اب فلسطینی اتھارٹی بھی رد کرچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم نے ہمیشہ کیلئے واضح منشور دے دیا ہے کہ پاکستان اسرائیل کو کبھی تسلیم نہیں کرے گا، شاہ محمود قریشی نے او آئی سی کے نمائشی اجلاس سے خطاب میں مظلوم فلسطینیوں کے زخموں پر نمک پاشی کی، لہذا حکومت پاکستان مسئلہ فلسطین پر اپنا موقف واضح کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ دفتر خارجہ بھی دیگر اسلامی ممالک کی طرح زبانی جمع خرچ میں مصروف ہے، وزیر خارجہ کی جانب سے ناجائز اسرائیلی ریاست کو قبول کرنے یا غاصب صہیونی ریاست کی طرف جھکاؤ کی ہر پالیسی کو سختی سے مسترد کرتے ہیں، فلسطین نہر سے بحر تک فلسطینیوں کا ہے۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے واضح کیا کہ فلسطین کے مسئلہ کا واحد حل مقاومت ہے، لیکن بہت سے ایسے اسلامی ممالک بھی ہیں جو مقاومت کو کمزور کرنا چاہتے ہیں اور ڈپلومیسی کا راستہ اختیار کرکے مسئلہ فلسطین کو طول دے کر اسرائیل کو مزید طاقتور کر رہے ہیں، ان ممالک کو چاہیئے کہ گیڈر بھپکیوں کے بجائے عملی کام انجام دیں، ناجائز ریاست اسرائیل سے اپنے سفارتی تعلقات منقطع کریں، پھر امت مسلمہ کی رہبری کا سوچیں۔

مقررین کا دورانِ خطاب کہنا تھا کہ پاکستان میں جو عناصر اسرائیل کو تسلیم کرنے کی باتیں کر رہے ہیں، انکو لگام دینا ہوگی، جس طرح کشمیر پاکستان کی شہہ رگ حیات ہے، اسی طرح فلسطین امت مسلمہ کی شہہ رگ حیات ہے، سرزمین پاکستان سے اس طرح کی آوازیں اٹھنا حیران کن، باعثِ تشویش اور مملکت پاکستان کے لئے نقصان دہ ہے۔ مقررین نے پاکستان میں کشمیر و فلسطین کے خلاف آواز بلند کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ان مسائل کے خلاف بات کرنا قومی جرم قرار دیا جائے۔ ریلی کے اختتام پر شرکاء ریلی نے امریکا و اسرائیل کے پرچم نذر آتش کئے۔


خبر کا کوڈ: 932875

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/932875/آئی-ایس-او-کراچی-کی-مردہ-باد-امریکہ-نامنظور-اسرائیل-ریلی-فلسطینیوں-نسل-کشی-شدید-مذمت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org