0
Monday 17 May 2021 00:13

ہری پور، اسرائیلی جارحیت کیخلاف مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کا اجلاس

ہری پور، اسرائیلی جارحیت کیخلاف مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کا اجلاس
اسلام ٹائمز۔ ہری پور میں اسرائیل کی جانب سے فلسطینی عوام پر جاری حملوں اور 
ریاستی دہشت گردی کے خلاف مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کا احتجاجی اجلاس منعقد ہوا۔ اتحاد بین المسلمین کمیٹی ہری پور کے زیر صدارت منعقدہ ہنگامی اجلاس میں شرکاء نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی ممالک اگر ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوکر اپنا کردار ادا کریں اور یکجہتی کا مظاہرہ کریں تو فلسطین کا مسئلہ حل ہوسکتا ہے، پوری دنیا میں اسرائیل کی طرف سے جو ظلم جاری ہے، اس کیخلاف بھرپور مذمت کی جا رہی ہے، مسئلہ فلسطین کو اجاگر کرنے کے لیے ہر سال یوم القدس منایا جاتا ہے، مسلمان اور یہودی کبھی ایک نہیں ہوسکتے۔ تمام مسلم ممالک کا حق بنتا ہے کہ فلسطین کی آزادی کے لیے آواز بلند کریں، عالم کفر عرصہ سے ایک منصوبہ بندی کے تحت اسلامی ممالک میں دہشت گردی کر رہا ہے، اسلامی ممالک کو جمع کرکے یہودیوں کی سازشوں کا مقابلہ کیا جائے۔ نماز کے دوران نہتیے فلسطینیوں پر گولیاں بھرسائی جا رہی ہیں۔

مقررین میں پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنماء قاضی محمد سعید ایڈووکیٹ، مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سربراہ علامہ سید وحید عباس کاظمی، صاحبزادہ احمد، ملک ریاض، سابق جنرل سیکرٹری اے ٹی اے فرحت نواز، پروفیسر ابرار احمد، ملک فیصل اقبال چیئرمین ہری پور پریس کلب، ملی یکجہتی کونسل کے رہنماء اظہر محمود ہزاروی، چیئرمین ڈی آر سی و صدر آواز فورم ضلع ہری پور تحسین الحق، تحریک بیداری کے رہنماء عشرت عباس، سابق صدر اے ٹی اے راجہ حفیط انور شامل تھے۔ مقررین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس وقت جہاد کی ضرورت ہے، پوری قوم جہاد کے لیے حکومت کے ایک اشارے کی منتظر ہے، حکومت فلسطین کی آزادی کے لیے اپنا کردار ادا کرے، علمائے کرام بروز جمعہ مساجد میں بیانات کے ذریعے اس مسئلے کو اجاگر کریں اور احتجاجی جلوس نکالیں۔ اجلاس کی میزبانی اتحاد بین المسلمین کمیٹی ہری پور کے صدر نئیر عباس جعفری نے کی۔
خبر کا کوڈ : 932885
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش