0
Sunday 16 May 2021 23:55
57 اسلامی ممالک فلسطین کیلئے مشترکہ ملٹری آپریشن کی تیاریاں کریں

اسرائیلی مظالم، جماعت اسلامی کا غزہ فنڈ اور قبلہ اول ملین مارچ کا اعلان

اسرائیلی مظالم، جماعت اسلامی کا غزہ فنڈ اور قبلہ اول ملین مارچ کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینٹر مشتاق احمد خان نے مرکز اسلامی پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں فلسطینی عوام پر اسرائیل کی بدترین دہشت گردی نے دنیا کو تیسری جنگ عظیم کی طرف دھکیل دیا ہے اور بیت المقدس پر اسرائیلی قبضہ کے نتیجے میں قبلہ اول اور مسلمانوں کے وجود کو خطرہ ہے۔ اس وقت اسرائیلی فوج کے مطابق 130 جنگی طیارے غزہ کی گیارہ لاکھ آبادی اور 360 مربع کلومیٹر پر جنگی کاروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں جب کہ ٹینک اور دیگر جنگی سامان اس کے علاوہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے، فلسطین فلسطینیوں کا ہے۔ قبلہ اول دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے عزت و تقدس کا مرکز ہے۔ یہ وہ مقام ہے جہاں خاتم الانبیاء حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے تمام انبیا کرامؑ کی امامت فرمائی۔ آج قبلہ اول، مسجد اقصیٰ صیہونیت کے قبضے میں ہے۔ قبلہ اول کا تحفظ حرمین شریفین کا تحفظ ہے اور اس کے دفاع سے غفلت حرمین شریفین کے دفاع سے غفلت کے مترادف ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قائداعظم نے بھی اسرائیل کو ناجائز ریاست اور امت مسلمہ کے دل میں خنجر قرار دیا تھا۔ اسرائیل فلسطینی عوام کی نسلی صفائی کر رہا ہے، انسانیت کے خلاف جرائم میں ملوث ہے اور ریاستی دہشت گردی کا ارتکاب کر رہا ہے۔امت مسلمہ آخری فرد، خون کے آخری قطرے اور زندگی کی آخری سانس تک قبلہ اول کی حفاظت کرے گی۔ جماعت اسلامی خیبر پختونخوا فلسطینی عوام کی مدد کے لیے غزہ فنڈز اور 30 مئی بروز اتوار پشاور میں عظیم الشان آزادی قبلہ اول ملین مارچ کا اعلان کرتی ہے۔ غزہ فنڈز کے لیے تحصیل اور ضلع کے سطح پر امدادی کیمپس قائم کریں گے۔ آزادی ملین مارچ قبلہ اول کی آزادی کے لیے طاقتور آواز ہوگی۔ آزادی قبلہ اول ملین مارچ کے لیے جنرل سیکرٹری عبدالواسع کی سربراہی میں انتظامی کمیٹی قائم کردی گئی ہے، ملین مارچ میں لاکھوں غیرت مند عوام بھرپور شرکت کرکے فلسطینی عوام کو یقین دلائیں گے کہ ہم ان کے پشت پر ہیں۔

اس موقع پر صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی مولانا ہدایت اللہ، نائب صدور جے آئی یوتھ شاہ جہان آفریدی، نورغلام آفریدی، نورالواحد جدون اور دیگر قائدین بھی موجود تھے۔ مشتاق احمد خان نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک اور عید میں بیت المقدس کے تقدس کو پامال کیا گیا اور مسلمانوں کو زبردستی بے دخل کیا گیا۔ غزہ میں لوگوں نے لہولہان عید گزاری۔ انہوں نے کہا کہ 360 مربع کلومیٹر کے علاقے میں ایک ہفتے کے اندر چھ سو سے زائد حملے کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اس ظلم اور بربریت کی شدید مذمت کرتی ہے اور حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ فلسطین کے مسئلے پر پارلمینٹ کا مشترکہ اجلاس بلائے اور متفقہ قرارداد کے ذریعے فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کریں۔ او آئی سی کے اجلاس کو نتیجہ خیز بنایا جائے اور اسرائیل کے ساتھ ہر قسم کے تجارتی معاہدوں کو ختم کریں اور اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں۔

انہوں نے 57 اسلامی ممالک سے مطالبہ اپنے مالی وسائل، سفارتی و اخلاقی حمایت استعمال کریں اور غزہ کے عوام کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی قبلہ اول کی آزادی اور فلسطینی عوام کے تحفظ کا روڈ میپ تیار کریں۔ انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ 57 اسلامی ممالک فلسطین کے لیے مشترکہ ملٹری آپریشن کی تیاریاں کریں اور فلسطینیوں کے تحفظ کے لیے (اسرائیل) پر دباؤ ڈالیں۔ انہوں نے حماس کی جدوجہد آزادی اور فلسطینی عوام کے دفاع کے لیے کوششوں پر حماس اور خالد مشعل کو خراج تحسین پیش کی۔
خبر کا کوڈ : 932887
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش