QR CodeQR Code

فلسطین پر اسرائیلی ناجائز تسلط، ظلم اور بربریت اب ختم ہونی چاہیے

مسلم ممالک کا فوجی اتحاد اگر مسجد اقصیٰ کا تحفظ نہیں کرسکتا تو انہیں چوڑیاں پہنا دینی چاہیں، ملی یکجہتی کونسل 

16 May 2021 23:59

ملتان پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ملی یکجہتی کونسل کے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ مسلم حکمران بیانات اور تقریروں سے آگے بڑھیں اسرائیلی کا ناجائز وجود عالمی امن کے لیے خطرہ ہے، بھارت، امریکہ اور اسرائیل ایک ہی تھالی کے چھٹے بٹے ہیں، اقوام متحدہ اپنی امن فوج فلسطین بھیجنے سے کیوں گھبراتی ہے؟


اسلام ٹائمز۔ ملی یکجہتی کونسل جنوبی پنجاب کے زیراہتمام ملتان پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کا انعقاد کیا گیا، مظاہرے کی قیادت صدر ملی یکجہتی کونسل و نائب امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب میاں آصف محمود اخوانی نے کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ فلسطین امت مسلمہ کا مسئلہ ہے یہ ایک خطے کا مسئلہ نہیں، اسرائیل کا ناجائز تسلط، ظلم اور بربریت اب ختم ہونی چاہیے۔ مقررین نے مزید کہا کہ اسرائیل، امریکہ اور بھارت دنیا کے بڑے دہشت گرد ہیں، مسلم حکمران ان کے خلاف ایک ہو جائیں تو کشمیر اور فلسطین کے مسئلہ کا حل بآسانی ممکن ہے لیکن افسوس ہمارے حکمران اپنے مفادات کے لیے ان دہشتگردوں سے دوستی نبھاتے ہیں۔مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ آج فلسطین میں میڈیا ہاوسز ہر حملہ ہوا، رہائشی آبادیوں کو مسلسل نشانہ بنایا جارہا ہے کئی بچے اب تک شہید ہوچکے لیکن کوئی لبرل اور سیکولر انسانی حقوق کی نام نہاد تنظیمیں موم بتیاں لیکر سڑکوں پر نہیں آئیں، اسلام امن کا دین ہے، اسلام کا پیغام امن کا پیغام ہے لیکن ان لبرلز نے اسلام کو بدنام کیا۔ بیت المقدس میں پرامن نمازیوں پر گولیاں چلائی گئیں، سلام پیش کرتے ہیں ان مسلمانوں کو جنہوں نے اپنی نماز مکمل کی اپنا سر کٹوانا تو قبول کیا لیکن اپنے رب کے سامنے جھکنے سے انکار نہیں کیا۔ مظاہرے میں صدر ملی یکجہتی کونسل میاں آصف اخوانی، شیخ محمد عمر، محمد ایوب مغل، بشارت عباس، علامہ قاضی نادر حسین علوی، علامہ غلام مصطفی انصاری، عبدالحنان حیدری، غلام باقر، قاری محمد یاسین، اشرف قریشی، مولانا غلام جعفر انصاری اور دیگر نے خطاب کیا۔ آئندہ جمعہ ملتان میں فلسطینیوں سے یکجہتی کے لیے احتجاجی ریلی کا اعلان بھی کیا۔


خبر کا کوڈ: 932889

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/932889/مسلم-ممالک-کا-فوجی-اتحاد-اگر-مسجد-اقصی-تحفظ-نہیں-کرسکتا-انہیں-چوڑیاں-پہنا-دینی-چاہیں-ملی-یکجہتی-کونسل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org