0
Saturday 20 Aug 2011 18:18

کراچی میں 21 رمضان یوم شہادت امام علی (ع) کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہو گا

کراچی میں 21 رمضان یوم شہادت امام علی (ع) کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہو گا
کراچی:اسلام ٹائمز۔ 21 رمضان شہادت امیرالمومینن امام علی (ع) کا روز ہے، اس سلسلے میں ملک بھر میں مجالس عزا کے اجتماع و جلوس برآمد کیے جائیں گے، کراچی میں یوم شہادت امام علی (ع) کی مرکزی مجلس نشتر پارک میں 11 بجے دن منعقد ہو گی جس سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل حجتہ السلام و المسلمین ناصر عباس جعفری خطاب فرمائیں گے، بعد از مجلس جلوس عزا برآمد کیا جائے گا، دوران جلوس شرکاء کے لئے آئی ایس او کراچی ڈویژن کے زیراہتمام باجماعت نماز ظہرین ایم اے جناح روڈ پر امام بارگاہ علی رضا کے سامنے ادا کی جائے گی، نماز کی امامت شیعہ علماء کونسل کے رہنما مولانا شہنشاہ حسین نقوی کریں گے۔
بعد از نماز گذشتہ برس کراچی میں یوم شہادت امام علی (ع) اور کوئٹہ میں یوم القدس پر ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کی عدم تحقیقات، کراچی میں حالیہ ٹارگٹ کلنگ، پاکستان میں بڑھتی ہوئی غیرملکی مداخلت، امریکی سفیر کمیرون منڑ کی مشکوک سرگرمیوں اور مشرق وسطیٰ بالخصوص بحرین، یمن، لیبیا، سعودی عرب اور دیگر ممالک کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لئے احتجاجی مظاہرہ امام بارگاہ علی رضا (ع) کے سامنے کیا جائے گا، جس کے فورا بعد جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان میں اختتام پذیر ہو گا، دوران جلوس اسکاؤٹ رابطہ کونسل میں شامل تمام اسکاؤٹس کے ادارے سیکورٹی و انتظامات سنبھالیں گے۔
درایں اثناء جلوس کی حفاظت کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں، اس موقع پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری کو تعینات کیا جائے گا، جبکہ جلوس کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی، بم ڈسپوزل اسکواڈ کا عملہ جلوس کے آگے اپنا فریضہ انجام دے گا۔ واضح رہے سال گذشتہ جلوس عزا میں ایمپریس مارکیٹ سے عزاداران پر فائرنگ کی گئی تھی جس کی وجہ سے کئی عزادار شدید زخمی ہو گئے تھے۔ لیکن قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے کوئی خاطر خواہ کاروائی دیکھنے میں نہیں آئی تھی، تاہم اس سال بھی ان اداروں کی جانب سے فول پروف سیکوریٹی کے دعوے تو کئے جا رہے ہیں، اب دیکھنا یہ ہے کہ یہ دعوے کس حد تک درست ثابت ہوتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 93290
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش