0
Monday 17 May 2021 20:14

مقاومتی بلاک نے غاصب اسرائیل کی فرعونیت کو غرق کردیا ہے، علامہ مقصود ڈومکی

مقاومتی بلاک نے غاصب اسرائیل کی فرعونیت کو غرق کردیا ہے، علامہ مقصود ڈومکی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت کی جانب سے فلسطین کے مظلوم عوام سے یکجہتی کا دن منانا خوش آئند ہے، فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت میں ریاست پاکستان کی جانب سے زبانی جمع خرچ کی بجائے سنجیدہ عملی اقدامات کی ضرورت ہے، او آئی سی مسلمان ممالک کا وہ پلیٹ فارم ہے جو ہمیشہ امریکی غلام کا کردار ادا کرتے ہوئے غاصب اسرائیل کے سامنے بے بس اور بے حس نظر آتا ہے، اسرائیلی ٹینکوں کے مقابل غلیل سے لڑنے والے فلسطینی بہادر عوام سے ہمیشہ عرب حکمرانوں نے خیانت کی، عرب لیگ اور او آئی سی جیسے امریکی غلام ممالک نے امت مسلمہ کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا۔

علامہ مقصود ڈومکی کا کہنا تھا کہ اب کشمیر اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کو او آئی سی کی طرف دیکھنے کی بجائے اپنے قوت بازو پر اعتماد کرنا ہوگا اور خدا کی نصرت پر یقین رکھنا ہوگا، مقاومتی بلاک نے غاصب اسرائیل کی فرعونیت کو غرق کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 39 ممالک کی نام نہاد اسلامی فوج امریکی سرپرستی میں مسلمانوں کے قتل عام کے لئے بنائی گئی، جب غاصب اسرائیل سے مقابلے اور قبلہ اول کی آزادی کا وقت آتا ہے تو 39 ملکی اتحاد تلواریں لے کر رقص سیکھتے ہیں، اسرائیل سے بڑی مصیبت وہ خائن مسلمان حکمران ہیں جنہوں نے اسرائیل کو تسلیم کیا ہے، نام نہاد 39 ممالک کی افواج فقط بے گناہ مسلمانوں کا قتل عام کر سکتی ہیں۔

ایم ڈبلیو ایم ترجمان کا کہنا تھا کہ یمن کے مظلوم مسلمانوں پر بمباری کرسکتی ہیں مگر اسرائیل کے مقابلے میں بے بس اور خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے غاصب اسرائیل کے ساتھ تعاون کی خبریں انتہائی افسوسناک اور شرمناک ہیں، عرب ممالک اگر اسرائیل ظالم کے خلاف کوئی اقدام نہیں کرسکتے تو کم از کم مظلوم فلسطینیوں کا خون بہانے میں دشمن کے آلہ کار اور ساتھی نہ بنیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے فلسطین کی حمایت میں دیئے گئے بیانات کو ہم ناکافی سمجھتے ہیں، پاکستان کے 22 کروڑ عوام کا یہ مطالبہ ہے کہ پاکستان فلسطینی عوام کی حمایت میں عملی اقدامات کرے۔
خبر کا کوڈ : 933044
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش