QR CodeQR Code

فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کیخلاف کراچی پریس کلب کے تحت احتجاجی مظاہرہ

17 May 2021 21:42

سیکریٹری کراچی پریس کلب محمد رضوان بھٹی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسرائیل کا وجود عالم اسلام کے لئے ایک ناسور کی مانند ہے، اسرائیلی جارحیت کے سامنے سینہ سپر ہونے والے فلسطینی مجاہدوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ کراچی پریس کلب کے زیرِ اہتمام فلسطینی بھائیوں سے اظہارِ یکجہتی اور اسرائیل کی ریاستی دہشتگردی کے خلاف پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مقررین میں قائم مقام صدر کراچی پریس کلب شازیہ حسن، سیکریٹری کراچی پریس کلب محمد رضوان بھٹی، ممبر گورننگ باڈی حامد الرحمان اعوان، صدر کراچی یونین آف جرنلسٹ دستور راشد عزیز، سیکریٹری موسٰی کلیم جبکہ کے یو جے "برنا " کے سیکریٹری فہیم صدیقی، کے یو جے "برنا " کے صدر اعجاز احمد، جنگ ایمپلائز یونین کے صدر رفیق بشیر، نائب امیر جماعت اسلامی کراچی سید اسامہ رضی، رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید، ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما زاہد منصوری، تحریک انصاف کے رہنما جمال صدیقی اور فلسطین فاؤنڈیشن کے رہنماؤں قاضی احمد نورانی، مجلس وحدت مسلمین کے علامہ باقر زیدی، مسلم پرویز، تحریک انصاف کے اسرار عباسی، صابر امومریم، ایم کیو ایم کے محفوظ یار خان، بشیر سدوزئی، سجاس کے صدر اصغر عظیم اور پیپ کے صدر محمد جمیل نے بھی خطاب کیا۔

سیکریٹری کراچی پریس کلب محمد رضوان بھٹی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسرائیل کا وجود عالم اسلام کے لئے ایک ناسور کی مانند ہے، اسرائیلی جارحیت کے سامنے سینہ سپر ہونے والے فلسطینی مجاہدوں کو سلام پیش کرتے ہیں، اسرائیلی جارحیت اور مظالم پر اقوام متحدہ، او آئی سی اور انسانی حقوق کمیشن کی مجرمانہ خاموشی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب میڈیا کی آواز کو دبانے کے لئے اسرائیل نے میڈیا ہاؤسز پر حملے شروع کردیئے ہیں، بحیثیت مسلمان اور صحافی ہمارا فرض ہے کہ ہم ان مظالم کے خلاف آواز بلند کریں۔ قائمقام صدر پریس کلب شازیہ حسن نے کہا کہ پورے ملک کی صحافی برادری فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ کھڑی ہے،  یو این فلسطین میں امن کیلئے عملی اقدامات کرے۔ ایم پی اے سید عبدالرشید نے کہا کہ یہ ہماری دینی اور اخلاقی فریضہ ہے کہ ہم مظلوم فلسطینیوں کے لئے کھڑے ہوں۔

فہیم صدیقی نے کہا کہ افسوس کا مقام ہے کہ فلسطین میں مسلمانوں پر ظلم و جبر ہو رہا ہے اور ہمارے مسلم حکمرانوں سو رہے ہیں۔ انہوں نے مسلم ممالک سے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں۔ اعجاز احمد نے کہا کہ اس مشکل حالات میں مسلمانوں کو مل کر فلسطینی بھائیوں کے لئے آواز بلند کرنی چاہیئے تاکہ مظالم کا سلسلہ رک سکے۔ انہوں نے غزہ میں میڈیا دفاتر پر بھی حملوں کی مزمت کی۔ مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ حرمین شریفین کی طرح قبلہ اوّل بیت المقدس کا تحفظ ایمانی فریضہ ہے، ہم فلسطینی مسلمانوں پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہیں، نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کھلی دہشت گردی ہے، اسرائیل نے بیت المقدس کا تقدس پامال کیا ہے اور نہتے فلسطینی نمازیوں پر گولیوں کی بوچھاڑ کرکے جارحیت کی تمام حدیں پار کردیں۔

مقررین کا کہنا تھا کہ فلسطینی مجاہدین فلسطین کی آزادی کے لئے ہی نہیں بلکہ قبلہ اول کی آزادی اور اسلام کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ مقررین نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ اپنی بے حسی ختم کرکے فلسطینیوں کی نسل کشی فوری طور پر بند کرائے۔ مقررین نے اسرائیلی فوج کی جانب سے میڈیا ہاؤسز خصوصاً اے پی، الجزیرہ اور دیگر بین الاقوامی نشریاتی اداروں کے دفاتر تباہ کرنے پر شدید ردِعمل کا اظہار کیا۔ احتجاجی مظاہرے میں سینئرز صحافیوں میں سابق سیکریٹری کراچی پریس کلب مقصود یوسفی، سابق سیکریٹری عامر لطیف، سابق صدرکراچی پریس کلب امتیاز خان فاران، نصیر احمد، حسن عباس، نصراللہ چوہدری، خلیل ناصر، سید نبیل اختر اور دیگر صحافیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔


خبر کا کوڈ: 933052

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/933052/فلسطین-پر-اسرائیلی-جارحیت-کیخلاف-کراچی-پریس-کلب-کے-تحت-احتجاجی-مظاہرہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org