QR CodeQR Code

اسرائیلی دہشتگردی کے خلاف آواز اٹھانے والوں پر کالے قوانین کا اطلاق افسوسناک ہے، مولانا عباس انصاری

17 May 2021 23:07

جموں و کشمیر اتحاد المسلمین کے سرپرست نے کہا کہ بیت المقدس مسلمانان عالم کے دلوں کی دھڑکن ہے جسکی بے حرمتی اور مظلوم فلسطینیوں کے ظلم و ستم کو قطعاً برداشت نہیں کیا جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر اتحاد المسلمین نے اسرائیلی دہشتگردی کے خلاف آواز اٹھانے والے کشمیری نوجوانوں پر پولیس کی زیادتی اور کالے قوانین کے اطلاق پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ بزرگ حریت رہنما مولانا محمد عباس انصاری نے سر زمین فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف پُرامن احتجاج کرنے والے نوجوانوں پر پولیس زیادتی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے افسوسناک قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی اظہارِ رائے اگرچہ ہر انسان کا بنیادی حق ہے، لیکن یہاں امن کے نام پر پولیس نے اس کو ہائی جیک کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وادی کشمیر میں مظلوم اقوام کے حق میں دعائے خیر مانگنا بھی جرم بن گیا ہے جو انسانی، اخلاقی اور جمہوری اصولوں کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کسی بھی صورت میں غاصب اسرائیل کو تسلیم نہیں کرسکتی ہے بلکہ بچہ بچہ مقدس سرزمین کے مظلوم عوام اور قبلہ اول کی بازیابی کے لئے تادم آخر آواز اٹھاتے رہیں گے۔

مولانا عباس انصاری نے کہا کہ بھارت کو اسرائیل کے ساتھ اگر دوستانہ تعلقات ہیں لیکن اس کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ وہ یہاں کے مسلمان عوام کو طاقت اور PSA جیسے کالے قوانین کے بل پر خاموش کرے۔ انہوں نے کہا کہ بیت المقدس مسلمانان عالم کے دلوں کی دھڑکن ہے جسکی بے حرمتی اور مظلوم فلسطینیوں کے ظلم و ستم کو قطعاً برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت پر پرامن احتجاج کشمیری مسلمانوں کا حق ہے اور پولیس کو چاہیئے کہ وہ کالے قوانین کے ذریعے عوام کو ڈرانے اور دھمکانے کا سلسلہ بند کرے۔ انہوں نے موتی محلہ ڈل کے نوجوانوں، مذہبی مبلغ سرجان برکتی اور پیشہ ور آرٹسٹ مدثر گل پر لگائے گئے کالے قوانین کی منسوخی اور ان کی رہائی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اس طرح کے کالے قوانین سے کشمیری عوام کے اسلامی و اخلاقی جذبہ کو دبایا نہیں جاسکتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 933053

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/933053/اسرائیلی-دہشتگردی-کے-خلاف-آواز-اٹھانے-والوں-پر-کالے-قوانین-کا-اطلاق-افسوسناک-ہے-مولانا-عباس-انصاری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org