QR CodeQR Code

پنجاب حکومت انتقامی کارروائیاں کررہی ہے، جہانگیر ترین

19 May 2021 10:10

بینکنگ کورٹ میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان انصاف پسند ہیں مگر پنجاب حکومت نے ہمارے لوگوں کے خلاف انتقامی کارروائیاں کیں۔


اسلام ٹائمز۔ تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے پنجاب حکومت پر انتقامی کارروائیاں کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہےکہ صوبائی حکومت دباؤ ڈال رہی ہے اس لیے اسمبلی میں آواز اٹھانے کے لیے گروپ بنایا۔ لاہور کی بینکنگ کورٹ میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ عدالتوں میں مسلسل پیش ہو رہے ہیں اور ہم سے جو چیز مانگی جاتی ہے وہ دیتے ہیں، ہر چیز کی دستاویز ہے، جن جن چیزوں پر سوالات اٹھائے تھے ان کی مکمل منی ٹریل ایف آئی اے کو دے دی ہے، ہمارے خلاف تینوں ایف آئی آر میں چینی کا کوئی ذکر نہیں، اس ایف آئی آر کا چینی مافیا یا شوگر اسکینڈل سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کل رات میڈیا میں ایک طوفان کھڑا کیا گیا کہ ہم پی ٹی آئی سے ہٹ رہے ہیں لیکن واضح کر رہا ہوں کہ پی ٹی آئی کا حصہ تھے، ہیں اور رہیں گے، ہمارا گروپ تین ماہ سے بنا ہوا ہے یہ کل نہیں بنا۔

جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ میرے خلاف ایف آئی آر پر میرے دوست ساتھ کھڑے ہیں اور جب یہ لوگ وزیراعظم کو ملے تو وزیراعظم نے علی ظفر سے کہا کہ آپ ایف آئی اے اور ہمارے لوگوں سے بھی ملیں، انصاف کریں اور حقیقت سامنے لائیں، علی ظفر سے ہمارے وکلا کی تفصیلی میٹنگ ہوئی، امید ہے ان کی رپورٹ جلد منظر عام پر آئے گی یا وزیراعظم کو چلی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان انصاف پسند ہیں مگر پنجاب حکومت نے ہمارے لوگوں کے خلاف انتقامی کارروائیاں کیں، افسران کے تبادلے شروع ہو گئے، اس دباؤ کے نتیجے میں میرے عشایئے میں لوگوں نے فیصلہ کیا کہ اپنی آواز پنجاب اسمبلی میں اٹھائیں گے کیونکہ اس کی تمام ذمہ داری پنجاب حکومت پر ہے ان کا رویہ غلط ہے۔


خبر کا کوڈ: 933337

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/933337/پنجاب-حکومت-انتقامی-کارروائیاں-کررہی-ہے-جہانگیر-ترین

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org