0
Wednesday 19 May 2021 11:04

لاہور، صحافیوں کا اسرائیل کیخلاف مظاہرہ، فلسیطینی عوام سے اظہار یکجہتی

لاہور، صحافیوں کا اسرائیل کیخلاف مظاہرہ، فلسیطینی عوام سے اظہار یکجہتی
اسلام ٹائمز۔ اسرائیل کے فلسطین میں معصوم بچوں، خواتین اور شہریوں کے قتل عام اور ظلم وبربریت کیخلاف پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی کال پر پورے ملک کی طرح لاہور میں بھی بھرپور احتجاج کیا گیا۔ لاہور پریس کلب کے باہر پنجاب یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرے کی قیادت پی ایف یو جے کے مرکزی خزانچی ذوالفقار علی مہتو، پی یو جے کے صدر قمرالزمان بھٹی اور لاہور پریس کلب کے سینئر نائب صدر جاوید فاروقی نے کی۔ اس موقع پر پنجاب اسمبلی پریس گیلری کے سیکرٹری شہزاد ملک، لاہور فوٹو جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری پرویز الطاف، سینیئر فوٹو جرنلسٹ عمر شریف، پی یو جے کے نائب صدر محمد بابر، ممبر گورننگ باڈی لاہور پریس کلب عمران شیخ، پیپلز پارٹی کی رہنما شاہدہ جبیں، چودھری سجاد گجر، انسانی حقوق کے رہنما خالد شہزاد، اپینک لاہور کے صدر اصغر خان اور دروغہ والا انڈسٹری اونرز ایسوسی ایشن کے صدر شعبان اختر نے بھی خطاب کیا۔

مقررین نے اپنے خطاب میں اسرائیل کی طرف سے نہتے فلسطینی عوام کے قتل عام کو تاریخ کی بدترین ظلم و بربریت قرار دیا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس ظلم کیخلاف نہ صرف پوری مسلم اُمہ کو متحد کرے بلکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے جنگ بندی اور سیزفائر کی قرارداد منظور کی جائے۔ پی ایف یو جے کے مرکزی خزانچی ذوالفقار علی مہتو نے اپنے خطاب میں کہا کہ فلسطین میں جاری ظلم کیخلاف پوری دینا کے عوام سراپا احتجاج ہیں، وقت آگیا ہے کہ اب مسلم دنیا کے حکمران اُٹھ کھڑے ہوں اور دنیا میں اس کیخلاف اپنا لائحہ عمل مرتب کریں اور فلسطین پر اسرائیلی قبضہ اور انسانیت کے قتل عام کو روکیں۔

پی یو جے کے صدر قمرالزمان بھٹی نے تمام مسلم دنیا پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کو جارحیت سے روکنے کے متحد ہو جائیں۔ آپس کے اختلافات کو ختم کر دیں اور قبلہ اول کی حفاظت کیلئے امریکہ سمیت عالمی ادروں پر اپنا دبائو بڑھائیں۔ انہوں نے غزہ میں میڈیا ہائوس ٹاور کو اسرائیل کی طرف سے نشانہ بنانے کو میڈیا کی آزادی پر بدترین حملہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ چونکہ وہاں کے آزاد میڈیا کی رپورٹس اور ویڈیوز کے باعث اسرائیل کا ظلم و بربریت پوری دنیا کے سامنے آیا اور اسرائیل کا بھیانک چہرہ بے نقاب ہوا اس لئے اسرائیل نے اس کا بدلہ وہاں کے میڈیا ہائوسز کو ملیا میٹ کرکے لیا ہے۔ لاہور پریس کلب کے سنئیر نائب صدر جاوید فاروقی نے اقوام متحدہ اور عالمی انسانی حقوق کی تنظمیوں سے میڈیا ہائوسز کو ٹارگٹ کرنے پر اسرائیل کیخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ بھی کیا۔
خبر کا کوڈ : 933342
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش