QR CodeQR Code

عید تعطیلات کے بعد لوگوں کی واپسی کے سفر سے کیسز مزید بڑھنے کا امکان ہے، عذرا پیچوہو

19 May 2021 20:02

ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر صحت سندھ نے کہا کہ بین الاقوامی سفر اور مسافر وائرس کے پھیلاؤ کا زیادہ سبب بن رہے ہیں، ایئرپورٹس پر ٹیسٹنگ کا نظام مزید فعال بنانے کی ضرورت ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے عید تعطیلات کے بعد کورونا کیسز میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) اجلاس میں وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ عید تعطیلات کے بعد لوگوں کی واپسی کے سفر سے کیسز مزید بڑھنے کا امکان ہے۔ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے مزید کہا کہ پچھلے سال عید بعد کورونا کیسز میں 3 گنا تک اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔ انہوں نے دوران اجلاس ٹرینوں میں 70 فیصد مسافروں کی اجازت کے فیصلے پر غور کرنے کی تجویز دی۔

وزیر صحت سندھ نے اس موقع پر 7 سے 10 دن کے لئے ریلوے آپریشن کم رکھنے کی تجویز بھی پیش کی۔ اُن کا کہنا تھا کہ ایئرپورٹ پر آنے والے 25 مسافروں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، جینومک تجزیے سے پتا لگایا جائے گا وائرس کا ویرینٹ کیا ہے۔ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے یہ بھی کہا کہ بین الاقوامی سفر اور مسافر وائرس کے پھیلاؤ کا زیادہ سبب بن رہے ہیں، ایئرپورٹس پر ٹیسٹنگ کا نظام مزید فعال بنانے کی ضرورت ہے۔ وزیر صحت سندھ نے کہا کہ باہر سے آنے والوں کو ہفتہ دس دن تک قرنطینہ کرنے کے فیصلے پر بھی عمل نہیں کیا جارہا۔


خبر کا کوڈ: 933420

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/933420/عید-تعطیلات-کے-بعد-لوگوں-کی-واپسی-سفر-سے-کیسز-مزید-بڑھنے-کا-امکان-ہے-عذرا-پیچوہو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org