0
Wednesday 19 May 2021 20:56

انصاف پسند ممالک اسرائیل پر دباؤ ڈالیں، مولانا حامد محمد خان

انصاف پسند ممالک اسرائیل پر دباؤ ڈالیں، مولانا حامد محمد خان
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی ہند امیرِ حلقہ تلنگانہ مولانا حامد محمد خان نے کہا کہ ایک بار پھر اسرائیل کی سفاکانہ و ظالمانہ کارروائیوں میں بڑی تعداد میں معصوم نہتے فلسطینی شہریوں کا قتل عام کیا جارہا ہے اور ان کی جان و املاک کو بمباری کے ذریعہ تباہ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی یہ جارحیت قابل افسوس و قابل مذمت ہے، جس پر فوری روک لگنی چاہیئے اور ان ظالمانہ کارروائیوں کے خلاف اسرائیل پر بین الاقوامی عدالت میں فوجداری مقدمہ چلایا جائے۔ مولانا حامد محمد خان نے اپنے ایک جاری بیان میں تمام امن پسند ممالک سے اپیل کی کہ وہ اسرائیل پر دباؤ بنائیں کہ وہ فوری طور پر اپنی جارحانہ کارروائیوں پر روک لگائے۔ انہوں نے قبلہ اول بیت المقدس کے تحفظ اور مظلوم فلسطینیوں کی مدد کے لئے مسلم ممالک کو آگے آنے کی اپیل کی۔

مولانا حامد محمد خان نے کہا کہ موجودہ صورتحال کی ایک وجہ مسلم ممالک کا آپسی انتشار اور ان کی اسرائیل کے ساتھ درپردہ دوستی اور اسرائیل کو تسلیم کرنا بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کا حل، مسلم ممالک کے اتحاد میں مضمر ہے۔ انہوں نے مسلم ممالک کو فوری طور پر اسرائیل کے ساتھ تمام تعلقات ختم کرنے کا مشورہ دیا۔ امیر حلقہ نے بھارتی حکومت سے بھی اپیل کی کہ وہ اسرائیل کے ساتھ تمام سفارتی و تجارتی تعلقات ختم کرتے ہوئے دباؤ بنائے کہ وہ اپنی ان ظالمانہ حرکتوں سے باز آئے۔ مولانا حامد محمد خان نے کہا کہ ہندوستان روز اول سے ہی فلسطینیوں کے کاز کی تائید کرتا آرہا ہے۔

مولانا حامد محمد خان نے مہاتما گاندھی کے اس قول کا حوالہ دیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ’’فلسطین، فلسطینیوں کا حق ہے‘‘، جبکہ موجودہ بھارتی حکومت اسرائیل سے تعلقات بڑھا رہی ہے، حالانکہ اسرائیل نے اپنے مکر و فریب سے ہمیشہ سے دنیا کو دھوکہ دیا ہے۔ انہوں نے میڈیا کی جانب سے بھی مظلوم فلسطینیوں کی مزاحمت کی ایک طرفہ رپورٹنگ کے ذریعہ دنیا کو گمراہ کرنے کی مذموم کوشش کی بھی سخت مذمت کی۔ امیر حلقہ مولانا حامد محمد خان نے کہا کہ ہم ہمیشہ سے فلسطینیوں کی آزادی اور خود مختاری کہ حق میں رہے ہیں اور اسرائیل کے غاصبانہ تسلط کی پرزور مخالفت کرتے ہیں۔ انہوں نے آخر میں دعا کرتے ہوئے کہا کہ ہم اللہ سے امید کرتے ہیں کہ وہ ان ظالموں کو اسی طرح نیست و نابود کرئے گا جس طرح عاد و ثمود کی قوموں کو کیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 933433
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش