0
Wednesday 19 May 2021 22:06

اسرائیل کو تسلیم کرنیوالے مسلمان ممالک فی الفور دستبرداری کا اعلان کریں، لیاقت بلوچ 

اسرائیل کو تسلیم کرنیوالے مسلمان ممالک فی الفور دستبرداری کا اعلان کریں، لیاقت بلوچ 
اسلام ٹائمز۔ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فلسطین ایشو پر ملک کی قومی قیادت کو اعتماد میں لے کر مشترکہ حکمت عملی تشکیل دی جائے، اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے اپوزیشن کو بھی مشورہ دیا ہے کہ وہ نان ایشوز پر دست و گریبان ہونے کی بجائے غزہ کی صورتحال کا ادراک کرے اور متحد ہو کر اس ضمن میں کردار ادا کرے۔ اسلام آباد میں جماعت اسلامی کے نائب امراء ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، میاں محمد اسلم، امیر جماعت اسلام آباد نصر اللہ رندھاوا، صدر مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کاشف چوہدری اور شاہد شمسی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ فلسطین امت مسلمہ کے لیے رگ جان کی حیثیت رکھتا ہے۔ غزہ میں لاکھوں مسلمان گذشتہ دس روز سے محصور ہیں، مگر دنیا بھر کی مسلم قیادت محض زبانی جمع خرچ اور بیان بازی سے کام لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اسلامی ممالک کو اسرائیل کے خلاف جاندار موقف اپنانا چاہیئے اور صیہونی جارحیت کو روکنے اور آزاد فلسطین کے قیام کے لیے عملی کردار ادا کرنا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ مسلمان ممالک کے حکمران غفلت اور خاموشی کو ترک کریں، مسلمان ممالک کے حکمران اپنی اپنی افواج کے سربراہان سے مشاورت کرکے اسرائیل کو واضح پیغام دیں۔ جن مسلمان ممالک نے اسرائیل کو تسلیم کیا ہے، وہ فی الفور دستبرداری کا اعلان کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ افسوس کا مقام ہے کہ فلسطین میں نہتے عوام پر بمباری ہو رہی ہے، مگر مسلم ممالک کے حکمران تاحال کوئی مشترکہ اور جاندار موقف نہیں اپنا سکے، جو کہ نااہلی اور نالائقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اپنی روش بدلے اور اسرائیل کی اندھی حمایت ترک کرے۔ مغربی ممالک کا کردار بھی مشکوک ہے، اقوام متحدہ اور سکیورٹی کونسل میں فلسطین کی قراردادوں کو مسترد کیا جا رہا ہے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی 21 مئی کو پورے ملک میں یکجہتی فلسطین مارچ کا انعقاد کرے گی۔ اسلام آباد میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی قیادت میں القدس ملین مارچ ہوگا۔ جماعت اسلامی 23 مئی کو کراچی اور بعد میں پشاور میں القدس ملین مارچ کرے گی۔  
خبر کا کوڈ : 933459
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش