QR CodeQR Code

جنت البقیع میں آل رسول (ع) کے مزارات امت مسلمہ کی محبت کا مرکز ہیں، علامہ مقصود ڈومکی

19 May 2021 22:35

ایک بیان میں ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی ترجمان نے کہا کہ وہابی نقطہ نظر کے پیروکار آل سعود نے گزشتہ سو سال میں امت مسلمہ کے ساتھ جو خیانتیں کی ہیں اس کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ آٹھ شوال سانحہ جنت البقیع تاریخ اسلام کا وہ سیاہ دن ہے کہ جس دن آل رسول (ع) کے مقدس مزارات کو منہدم کیا گیا جس کے باعث پوری امت مسلمہ آج بھی سوگوار ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سو سال قبل آل سعود نے امت مسلمہ سے خیانت کرتے ہوئے آل رسول (ع) کے مقدس مزارات کو جس بے دردی کے ساتھ منہدم کیا اس نے عالم اسلام کو سخت رنجیدہ کردیا، آل رسول (ع) کے مقدس مزارات شعائر اللہ میں سے ہیں جن کی تعظیم ہر مسلمان پر واجب ہے، جنت البقیع اور جنت المعلیٰ میں آل رسول (ع) کے مقدس مزارات پوری امت مسلمہ کی محبت اور عقیدت کا مرکز ہیں، وہابی نقطہ نظر کے پیروکار آل سعود نے گزشتہ سو سال میں امت مسلمہ کے ساتھ جو خیانتیں کی ہیں اس کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔

علامہ مقصود ڈومکی کا کہنا تھا کہ آل سعود نے قبلہ اول بیت المقدس کا سودا کرتے ہوئے فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ جو خیانت کی وہ اس کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کرنے کے لئے کافی ہے، پوری امت مسلمہ کے سامنے آل سعود نے اسرائیل سے دوستی کا ہاتھ بڑھایا اور عالمی سامراج کی خدمت کرتے ہوئے امت مسلمہ کے درمیان فرقہ واریت کو ہوا دی، آج بھی آل سعود امریکہ کے آگے سجدہ ریز ہیں، آل سعود کے جرائم کی تاریخ بہت طویل ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے کروڑوں مسلمانوں کا مسلسل یہ مطالبہ رہا ہے کہ ہمیں جنت البقیع اور جنت المعلیٰ کی تعمیر نو کرنے دی جائے، سرزمین وحی پر رقص و سرود کی محفلیں جمانے اور بے دینی و بے حیائی کی ترویج کرنے والے آل سعود کی طرف سے آل رسول (ع) کے مقدس مزارات کی تعمیر میں رکاوٹ سوالیہ نشان ہے۔


خبر کا کوڈ: 933467

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/933467/جنت-البقیع-میں-آل-رسول-ع-کے-مزارات-امت-مسلمہ-کی-محبت-کا-مرکز-ہیں-علامہ-مقصود-ڈومکی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org