0
Thursday 20 May 2021 01:28

 اسرائیل کے ساتھ دوستی بڑھانے والوں کی آنکھیں اب کھل جانی چاہئیں، راو محمد ظفر

 اسرائیل کے ساتھ دوستی بڑھانے والوں کی آنکھیں اب کھل جانی چاہئیں، راو محمد ظفر
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب راو محمد ظفر، سیکرٹری جنرل صہیب عمار صدیقی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی نہتے اور مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے 21مئی کو ملک بھر کی طرح پورے جنوبی پنجاب میں یوم فلسطین منائے گی۔ جس میں مردو خواتین سمیت ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا شخص ایمانی جوش و جذبے کے ساتھ شریک ہوگا۔ انہوں نے عالمی مسلم برادری سے مطالبہ کیا کہ اسرائیلی سفیروں کو ملک بدر کریں۔ حکومتیں اسرائیلی و امریکی مصنوعات کا بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے پابندی لگائیں اور اس تحریک میں دیگر اسلامی ممالک کو بھی شامل کیا جائے۔ جب تک یہودیوں کا معاشی بائیکاٹ نہ کیا جائے گا اس وقت تک فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کا حق ادا نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اسرائیل ایک ہی سکے کے دورخ ہیں۔ دونوں نے عراق، افغانستان اور پاکستان میں پندرہ لاکھ سے زائد مسلمانوں کا قتل عام کیا ہے۔ دنیا کی تاریخ دونوں کو عالمی دہشت گرد کے نام سے یاد رکھے گی۔ امت مسلمہ کے تحفظ کے لیے پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کو قائدانہ کردار ادا کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

او آئی سی کے اجلاس میں رسمی قرارداد کا منظور ہونا کوئی اہمیت نہیں رکھتا۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ تمام مسلم ممالک سنجیدگی کا مظاہرہ کریں، اسرائیل کے ساتھ دوستی بڑھانے والوں کی آنکھیں اب کھل جانی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں انسانی المیہ جنم لے چکا ہے۔ محض امدادی سامان بھجوا دینا کافی نہیں۔ سیاسی و اخلاقی حمایت کے ساتھ ساتھ سفارتی محاذوں پر بھی فعال بنانا ہوگا۔ یہود ونصاری دنیا سے مسلمانوں کا وجود مٹانے اور ان کو اپنے زیر تسلط رکھنے کے لیے عالمی قوانین کو پس پشت ڈال کر اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہے ہیں۔ 
خبر کا کوڈ : 933491
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش