QR CodeQR Code

کمانڈر سپاہ قدس کا فلسطینی کمانڈروں کے نام خط

مزاحمتی محاذ نے اپنے قیام کے ذریعے غاصب صیہونی دشمن کے جھوٹے رعب و دبدبے کو مٹی میں ملا دیا ہے، جنرل قاآنی

20 May 2021 23:17

فلسطینی مزاحمتی فورسز سرایا القدس اور عزالدین القسام بریگیڈ کے کمانڈروں کو ارسال کئے گئے خطوط میں ایرانی سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل قاآنی نے تاکید کی ہے کہ آپکی روزافزوں جہادی طاقت نے غاصب صیہونی فوج کو وسیع نقصان پہنچایا ہے جبکہ آپ نے اپنے قیام، وحدت اور حکیمانہ و دلیرانہ کمان کے ذریعے صیہونی فوج کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے تاہم آپکی طاقت ان تمام مواقع سے بڑھکر ہے جو آجتک دشمن نے دیکھے یا سوچے ہیں درحالیکہ ہم اپنے پورے جسم و جان اور ان تمام وسائل و قوت کے ہمراہ جو خداوند عزوجل نے ہمیں عطا کی ہے، آپکے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ ایرانی سپاہ قدس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل اسمعیل قاآنی نے فلسطینی مزاحمتی تحریکوں الجہاد الاسلامی فی فلسطین اور حماس کے عسکری شعبوں سرایا القدس و عزالدین القسام بریگیڈ کے کمانڈروں کے نام ارسال کئے گئے اپنے خطوط میں تاکید کی ہے کہ فلسطینی مزاحمتی محاذ نے اپنے قیام کے ذریعے غاصب صیہونی دشمن کے جھوٹے رعب و دبدبے کو مٹی میں ملا کر رکھ دیا ہے۔ عرب نیوز چینل المیادین کے مطابق جنرل قاآنی نے سرایا القدس و عزالدین القسام بریگیڈ کے کمانڈروں کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ آپ کی روزافزوں جہادی طاقت نے غاصب صیہونی فوج کو وسیع نقصان پہنچایا ہے جبکہ آپ نے اپنے قیام، وحدت اور حکیمانہ و دلیرانہ کمان کے ذریعے صیہونی فوج کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ انہوں نے لکھا کہ درحقیقت آپ کی طاقت ان تمام مواقع سے بڑھ کر ہے جو آج تک دشمن نے دیکھے یا سوچے ہیں۔

سپاہ قدس کے کمانڈر نے اپنے خط میں لکھا کہ ہم اس عہد کے مطابق جو شہید جنرل قاسم سلیمانی نے باندھا تھا؛ اپنے پورے جسم و جان اور ان تمام وسائل و قوت کے ہمراہ جو خداوند عز و جل نے ہمیں عطا کی ہے، آپ کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں درحالیکہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ ہم عنقریب مکمل عزت و وقار کے ساتھ نماز کی ادائیگی کے لئے مسجد اقصی میں داخل ہو جائیں گے۔ جنرل قاآنی نے تاکید کی کہ ہم غاصب رژیم کے خاتمے تک آپ کی امداد سے کبھی ہاتھ نہ کھینچیں گے چاہے خطرات کتنے ہی بڑھ جائیں! انہوں نے اپنی تحریر کے آخر میں لکھا کہ رہبر معظم انقلاب اسلامی آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے فرمان کے مطابق، قاتل صیہونی رژیم کے خلاف جدوجہد؛ دہشتگردی کے خلاف جنگ ہے جو سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے لکھا کہ میں آپ کے ان جہادی ہاتھوں کو جو "فتح مبین" کا زمینہ فراہم کر رہے ہیں، چوم لینا چاہتا ہوں۔۔!


خبر کا کوڈ: 933624

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/933624/مزاحمتی-محاذ-نے-اپنے-قیام-کے-ذریعے-غاصب-صیہونی-دشمن-جھوٹے-رعب-دبدبے-کو-مٹی-میں-ملا-دیا-ہے-جنرل-قاآنی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org