QR CodeQR Code

فلسطینی "راکٹ انتفاضہ" نے غاصب صیہونی رژیم کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا، انصار اللہ

21 May 2021 20:02

ٹوئٹر پر جاری ہونیوالے پیغام میں یمنی مزاحمتی فورس انصار اللہ کے ترجمان نے "شمشیر قدس" مزاحمتی آپریشن میں کامیابی پر فلسطینی مزاحمتی محاذ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے لکھا ہے کہ فلسطینی قوم اور اسکے دلیر مزاحمتی محاذ نے اللہ تعالي کی مدد کیساتھ انتہائی طاقتور طریقے سے فائر کھول کر غاصب صیہونی رژیم کو فرار پر مجبور کر دیا۔


اسلام ٹائمز۔ یمنی مزاحمتی تحریک انصار اللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام نے اپنے ایک پیغام میں غاصب صیہونی دشمن کے مقابلے میں حاصل ہونے والی فتح پر فلسطینی قوم و مزاحمتی محاذ کو مبارکباد پیش کی ہے۔ ٹوئٹر پر جاری ہونے والے پیغام میں محمد عبدالسلام نے لکھا کہ ہم فلسطینی قوم اور اس کے مزاحمتی محاذ کو غاصب صیہونی رژیم کے خلاف "شمشیر قدس" آپریشن میں فتح پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ مکمل طور پر عبرت پر مشتمل مرحلہ اختتام کو پہنچ چکا ہے جبکہ امت مسلمہ کو چاہئے کہ وہ اس جدوجہد کو عظیم تر اور بڑی کامیابیوں کے حصول کی تیاری کے لئے مدنظر رکھے۔ محمد عبدالسلام نے لکھا کہ فلسطینی قوم اور اس کے دلیر مزاحمتی محاذ نے اللہ تعالي کی مدد کے ساتھ انتہائی طاقتور طریقے سے فائر کھول کر غاصب صیہونی رژیم کو فرار پر مجبور کر دیا۔ انہوں نے لکھا کہ "شمشیر قدس" لڑائی نے "دیواروں کے نگہبان" (فلسطینی مزاحمتی محاذ کے خلاف صیہونی آپریشن کا نام) کے وجود کو خطرے میں ڈال کر طاقت کے توازن کو قدس و مسجد اقصی کے حق میں بدل دیا ہے جبکہ یہ عظیم تبدیلی مستقبل قریب میں بڑی کامیابی کا موجب بنے گی۔

انصار اللہ یمن کے ترجمان نے لکھا کہ ایک عرصے کے بعد جب دنیا نے منہ موڑ لیا تو"شمشیر قدس" مزاحمتی آپریشن نے آگے بڑھ کر اس قوم کی امنگوں کو سہارا دیا جس کا "راکٹ انتفاضہ" کڑکتی بجلی کے مانند تھا جس نے غاصب صیہونی رژیم کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر کے رکھ دیا ہے۔ محمد عبدالسلام نے لکھا کہ فلسطینی راکٹ انتفاضہ غاصب صیہونی رژیم کے ساتھ دوستانہ تعلقات استوار کرنے والے ممالک کے منہ پر طمانچہ اور ان کے منصوبوں کو مٹی میں ملا دینے کا باعث تھا۔ انہوں نے فلسطینی قوم کی امنگوں کے دوبارہ زندہ ہو جانے پر زور دیتے ہوئے لکھا کہ اللہ تعالی کے اذن سے قابض قوتیں زوال کا شکار ہو چکی ہیں۔


خبر کا کوڈ: 933764

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/933764/فلسطینی-راکٹ-انتفاضہ-نے-غاصب-صیہونی-رژیم-کو-گھٹنے-ٹیکنے-پر-مجبور-کر-دیا-انصار-اللہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org