QR CodeQR Code

میرے والد کو سچ بولنے کی پاداش میں مار ڈالا گیا، سجاد لون

21 May 2021 21:41

اپنے والد کی برسی کے موقع پر سجاد لون نے مسلسل ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ مجھے جو بات اطمینان دلا رہی ہے وہ یہ ہیکہ جنہوں نے میرے والد کی مخالفت میں ایک ایسا بیانیہ کھڑا کیا جسکے نتیجے میں اُسے مار ڈالا گیا۔


اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر پیپلز کانفرنس کے چیئرمین سجاد لون نے جمعہ کو بتایا کہ ان کے والد کا انتقال ”صحیح وقت پر“ ہوا اور وہ ایک”ہیرو“ کی موت مر گئے۔ سجاد لون کے والد عبد الغنی لون کو 19 سال پہلے آج ہی کے دن شہید کیا گیا۔ سجاد لون نے کہا کہ اُن  کے والد کو سچ  بولنے اور اپنے خیالات ظاہر کرنے کی پاداش میں مارا گیا۔ اپنے والد کی برسی کے موقع پر سجاد لون نے مسلسل ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ مجھے جو بات اطمینان دلا رہی ہے وہ یہ ہے کہ جنہوں نے میرے والد کی مخالفت میں ایک ایسا بیانیہ کھڑا کیا جس کے نتیجے میں اُسے مار ڈالا گیا، اُن میں بعض لوگ ابھی زندہ ہیں لیکن وہ مردوں سے بھی بدتر حالت میں ہیں، انہوں نے وہ دیکھا کہ جو میرے والد کو نہیں دیکھنا پڑا۔

سجاد لون نے مزید لکھا کہ جب تک ہم اجتماعی طور جھوٹ بولنا نہیں چھوڑیں گے، خاص کر اس بارے میں کہ کس نے کس کو مار ڈالا، تب تک ہم لوگوں کی حالت نہیں بدل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو یہ جاننے کا حق ہے کہ ظالموں کی کئی صورتیں ہوتی ہیں اور ظالموں کی بدترین صورت وہ ہوتی ہے جو ظلم کے خلاف لڑنے کی آڑ میں ظلم کرتے ہیں۔ سجاد لون کے مطابق اُس کا والد ایک ہیرو کی طرح دنیا چھوڑ کر چلا گیا۔ انہوں نے لکھا کہ میرے والد صحیح وقت پر ایک ہیرو کی موت مر گئے۔ قابل ذکر ہے کہ عبدالغنی لون نے پیپلز کانفرنس کا قیام 1977ء کو عمل میں لایا اور وہ حریت کانفرنس کے بانی ممبران میں تھے۔ اُنہیں عیدگاہ سرینگر میں 21 مئی 2002ء کو مرحوم میرواعظ محمد فاروق کی 12ویں برسی کے سلسلے میں منعقدہ تقریب کے دوران گولی مار کر جاں بحق کیا گیا تھا۔


خبر کا کوڈ: 933767

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/933767/میرے-والد-کو-سچ-بولنے-کی-پاداش-میں-مار-ڈالا-گیا-سجاد-لون

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org