0
Sunday 21 Aug 2011 21:37

یوم شہادت حضرت علی (ع) اور عیدالفطر کے اجتماعات میں دہشت گردی کا خدشہ

یوم شہادت حضرت علی (ع) اور عیدالفطر کے اجتماعات میں دہشت گردی کا خدشہ
لاہور:اسلام ٹائمز۔خفیہ حکومتی اداروں کی اطلاعات کے مطابق 21 رمضان کو یوم علی (ع) اور عید الفطر تک پنجاب کے بعض شہروں کو دہشت گردوں سے شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ خصوصاً 21 رمضان کو یوم علی (ع) کے موقع پر لاہور میں برآمد ہونیوالے تعزے کے جلوس کو دہشت گردوں سے سخت خطرات لاحق ہیں کیونکہ گزشتہ برس بھی یوم علی(ع) پر لاہور میں تعزیہ کے جلوس میں تین بم دھماکوں میں 50 سے زائد شیعہ ماتمی شہید ہو گئے تھے۔
گزشتہ روز سیکرٹری داخلہ پنجاب شاہد خان نے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب، لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، ملتان اور سرگودھا ڈویژن کے کمشنرز آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو ایک مراسلہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وہ یوم علی(ع) کے موقع پر اور پھر عید تک اپنے پلان کو مضبوط بنائیں۔ مراسلہ میں ہدایت کی گئی ہے کہ عید کی خریداری کیلئے پرہجوم بازاروں میں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں اور حساس اداروں کے دفاتر کی بھی بھرپور حفاظت کی جائے۔
محکمہ داخلہ کی جانب سے یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ یوم علی(ع) کے جلوسوں میں شامل ہونے والے تمام عقیدت مندوں کو واک تھرو گیٹ سے گزار کر جلوسوں میں شامل ہونے کی اجازت دی جائے، اس کے علاوہ جلوسوں کی طرف آنے والی تمام گاڑیوں کو جلوس ڈیڑھ کلو میٹر دور روکا جائے اور جلوس تک پہنچنے والے افراد کی راستے میں کم ازکم تین مرتبہ پڑتال کی جائے۔ واضح رہے کہ گزشتہ برس بھاٹی گیٹ کے چوک میں دہشت گردوں نے راستہ حاصل کرنے اور جلوس میں شامل افراد کو بھگدڑ کا شکار کرنے کیلئے ایک چھوٹا بم دھماکہ کیا تھا جب پولیس اپنی پوزیشن چھور کر بھاگ کھڑی ہوئی تو دہشت گردوں نے عزاداروں میں گھس کر مزید 2 دھماکے کردئیے۔ اس طرح پولیس کا سیکورٹی پلان دھرے کا دھرا رہ گیا تھا۔
دوسری جانب ممتاز شیعہ عالم دین علامہ اظہر حسن کا کہنا ہے کہ یہ افواہیں شیعان علی (ع)کو خوف دلانے کے لئے بھی چھوڑی جاتی ہیں کہ لوگ خوف کے مارے جلوسوں میں نہ جائیں، انہوں نے کہا کہ ہم شیعان علی (ع) موت سے نہیں ڈرتے بلکہ شہادت کی موت ہمارے لئے شہد سے زیادہ شیریں ہوتی ہے، انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ یوم علی (ع) کے جلوس میں جوق در جوق شریک ہوکر دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیں، انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی ذمہ داری پوری کرے، ہمیں اپنا عبادت کرنے دے، اگر حکومت سنجیدہ ہوئی تو دہشت گرد اپنے نجس عزائم میں ناکام ہی رہیں گے۔
خبر کا کوڈ : 93378
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش