0
Friday 21 May 2021 23:54

پاکستان عوامی تحریک کے تحت کراچی سمیت ملک بھر میں یکجہتی فلسطین ریلیوں کا انعقاد

پاکستان عوامی تحریک کے تحت کراچی سمیت ملک بھر میں یکجہتی فلسطین ریلیوں کا انعقاد
اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام فلسطین کے عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے پاکستان میں 200 سے زائد مقامات پر ریلیاں نکالی گئیں، کارکنوں نے نماز جمعہ کے بعد ریلیاں نکالیں اور فلسطین کے عوام سے اظہار یکجہتی کیا۔ پی اے ٹی کے احتجاجی مظاہرے میں دیگر سیاسی و سماجی جماعتوں سمیت جماعت فیروزیہ پاکستان کے کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کراچی کے جنرل سیکرٹری راؤ کامران محمود نے کہا کہ مسئلے کا پائیدار حل اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد میں ہے، اسلامی دنیا میں جب بھی کوئی بحران جنم لیتا ہے یا اس پر جنگ مسلط کی جاتی ہے تو سلامتی کونسل مینڈیٹ کے مطابق اپنا کردار ادا کرنے میں ناکام رہتی ہے، حالیہ اسرائیلی حملوں کو بروقت بند نہ کروانے پر سلامتی کونسل کے کردار سے مایوسی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کے عوام کا مؤقف قانونی اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہے، بیت المقدس کے تقدس کی پامالی اور تسلط ناقابل قبول ہے، عالمی برادری مسئلہ فلسطین کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔ انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کی تشکیل نو اور ویٹو پاور کے غیر جمہوری اختیار پر نظرثانی ہونی چاہیے۔

راؤ کامران نے کہا کہ اقوام متحدہ غزہ میں نقصانات کے ازالہ اور متاثرین کی بحالی اور زخمیوں کے علاج کیلئے اقدامات کرے، فلسطین کی طرف جانے والے زمینی، فضائی راستے کھولے جائیں اور اقوام متحدہ کے رکن ممالک کو بلاروک ٹوک امدادی کاررائیوں کی اجازت دی جائے اور تحفظ کی اقوام متحدہ ضمانت دے۔ انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل مسئلہ فلسطین پر ایک لفظ بولنے سے بھی قاصر ہے، جس سے بہت مایوسی ہوئی ہے، بنیادی انسانی حقوق اور آزادی کا تحفظ یو این او کی ذمہ داری ہے۔۔ انہوں نے کہا کہ تشدد کے خاتمے کی بات تو کی جاتی ہے، مگر عملدرآمد کوئی نہیں کرتا، محض بیانات سے بے گناہ انسانی خون بہنا بند نہیں ہوگا، بیت المقدس کے تحفظ اور مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کی حق تلفی ہو رہی ہے، غیر مسلح خواتین اور بچوں کو نشانہ بنانا فاش ازم اور انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی ہے، ان خلاف ورزیوں کا انٹرنیشنل کریمنل کورٹ میں مقدمہ چلنا چاہیے، اسرائیل نے فلسطینیوں پر یکطرفہ جنگ مسلط کی اور بدترین انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کیں، جنگ بندی کے باوجود ان جنگی جرائم کا نوٹس لیا جائے۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوۓ تحریک منہاج القرآن کراچی کے صدر علامہ نعیم انصاری، جماعت اسلامی کے کراچی رہنما مسلم پرویز، پی ٹی آئی کے رہنماء اسرار عباسی، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری صابر کربلائی و دیگر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اور فلسطین پر اقوام متحدہ سمیت اقوام عالم کی جانبدارانہ رویہ قابل افسوس ہے، اس وقت اہل کفر پوری طاقت سے مسلم امہ پر حملہ آور ہے، لیکن مسلم امہ کی وحدت پارہ پارہ ہے، جس کی وجہ سے مسلم امہ کی طاقت کمزوری میں بدل چکی ہے۔ مقررین نے کہا کہ غزہ میں اسرائیلی دہشتگردی پر انسانی اور بین الااقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے، اسرائیلی دہشتگردی کا اگر حساب نہ لیا گیا، تو اگلی بار ہمیشہ کی طرح وہ فلسطینی مسلمانوں  کو ظلم و بربریت کا نشانہ بنائیں گے۔ انہوں نے کہا قبلہ اول کی بے حرمتی مسلم حکمرانوں کیلئے لمحہ فکریہ اور انکی غیرت کا امتحان ہے، اگر مسلم دنیا کے حکمران قبلہ اول کی حفاظت نہیں کر سکتے، تو انہیں حکمرانی کا کوئی حق نہیں۔
خبر کا کوڈ : 933809
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش