0
Saturday 22 May 2021 00:41

جماعت اسلامی ملتان کا سراج الحق کی اپیل پر کچہری چوک میں احتجاجی مظاہرہ، امریکی و اسرائیلی پرچم نذر آتش

جماعت اسلامی ملتان کا سراج الحق کی اپیل پر کچہری چوک میں احتجاجی مظاہرہ، امریکی و اسرائیلی پرچم نذر آتش
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی ملتان کے زیراہتمام مظاہرہ کی قیادت امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب راو  محمد ظفر اور امیر جماعت اسلامی ضلع ملتان ڈاکٹر صفدر ہاشمی نے کی۔ مظاہرہ میں بڑی تعداد میں کارکنان نے شرکت کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب راو  محمد ظفر نے کہا کہ یہ ایک ایسی حکومت ہے جو امریکہ کی غلامی کرتی ہے، ایک طرف ظالم اور دوسری طرف مظلوم ہیں، ایک طرف قاتل اور دوسری طرف مقتول ہیں، ایک طرف روزہ دار ہیں اور دوسری طرف ظالم اسرائیل ہیں، یہ کیسے فریقین ہیں جو ظالم اور قاتل ہیں اور ان کا سرپرست امریکہ ہے۔ شاہ محمود عمران خان آپ کی بادشاہت ہمیشہ کے لیے نہیں۔انسانی حقوق کی تنظمیں جو آج تک خاموش ہیں وہ اس ظلم پر بولتی کیوں نہیں، یو این جو امن کا ٹھیکیدار ہے آج وہ بھی خاموش بیٹھا ہے اپنی امن فوج کو کیوں فلسطین نہیں بھیجتا؟۔

احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی ملتان ڈاکٹر صفدر ہاشمی نے کہا کہ ملتان کی عوام نے سراج الحق کی کال پر لبیک کہتے ہوئے اہل فلسطین سے جس محبت کا اظہار کیا ہے اس کو میں سلام پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین امت مسلمہ کے دل میں ہے اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے جس کے بارے میں بانی پاکستان قائداعظم علیہ رحمہ نے واضح کہا کہ یہ امت کے دل پر خنجر ہے، لہذا اسرائیل کو ہم کسی صورت قبول نہیں کریں گے اور نہ ایسا کوئی اقدام ریاست پاکستان کے حکمرانوں سے ہونے دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین کی جدوجہد ان کی استقامت کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے گولیاں کھائیں لاشیں اٹھائیں لیکن اپنی ہمت اور جرات میں کمی نہیں آنے دی، اب مسلم حکمرانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ بیت المقدس کی آزادی مسجد اقصی کی آزادی اور فلسطین کی آزادی کے لیے ایک ہوکر فلسطینیوں کی جدوجہد میں ان کا ساتھ دیں۔ مظاہرین نے اسرائیلی جارحیت کیخلاف نعرہ بازی بھی کی اور امریکہ اور اسرائیل کا پرچم بھی نذر آتش کیا۔ 
خبر کا کوڈ : 933814
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش