0
Saturday 22 May 2021 22:08

 مودی اور نیتن یاہو مسلمانوں کی نسل کشی میں مصروف ہیں، دونوں پر مقدمہ چلایا جائے، سراج الحق

 مودی اور نیتن یاہو مسلمانوں کی نسل کشی میں مصروف ہیں، دونوں پر مقدمہ چلایا جائے، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے اسلامی دنیا کے حکمران متحد ہو کر فلسطین و کشمیر کی آزادی کا روڈ میپ دیں، مسجد اقصیٰ پر حملے پونے دو ارب مسلمانوں کی غیرت ایمانی کو کھلا چیلنج ہیں، سیزفائر کے باوجود نہتے فلسطینیوں پر مسجد اقصیٰ میں شیلنگ سے ثابت ہو گیا کہ اسرائیل فاشسٹ اور ناجائز ریاست ہے۔ مودی اور نیتن یاہو مسلمانوں کی نسل کشی میں مصروف ہیں، پاکستان ان دونوں پر جنگی جرائم کا کیس چلائے اور عالمی عدالت انصاف کا دورازہ بھی کھٹکھٹایا جائے۔ انسانی حقوق کے نام نہاد چیمپئنز اور مغربی جمہوریتیں غزہ کے محاصرے کے دوران بری طرح ایکسپوز ہو گئیں۔ غزہ کی تعمیرنو کے لیے عالمی فنڈ قائم نہ کیا گیا تو انسانیت ایک اور بڑے المیے سے گزرے گی۔ لاکھوں لوگ بے گھر ہوگئے، شہر میں خوراک اور ادویات کی شدید قلت ہے، امت مسلمہ تاریخ کے المناک دور سے گزر رہی ہے، تمام تر وسائل کے باوجود مسلمان ممالک کے کروڑوں عوام غربت اور بے بسی کی زندگی گزار رہے ہیں، حکمرانوں کی نااہلی امت کے زوال کی بڑی وجہ ہے، پاکستان میں ترقی کا پہیہ الٹا گھوم رہا ہے، بائیس کروڑ عوام کی گردنوں پر سوار ظالم اشرافیہ نے ملک کے وقار کا سودا کردیا۔ واحد اسلامی ایٹمی قوت ہونے کے باوجود اسلامی دنیا اور عالمی معاملات میں پاکستان کی اہمیت نہیں رہی، وہ لوگ آگے آنے چاہئیں جو قوم کا درد رکھتے ہوں اور جن پر کرپشن اور بددیانتی کا کوئی داغ دھبہ نہ ہو۔ ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے منصورہ میں مرکزی نظم کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سراج الحق نے قائدین جماعت کو ہدایات دیں کہ کراچی اور پشاور میں ہونے والے لبیک القدس ملین مارچز کی تیاری کے لیے بھرپور انتظامات کیے جائیں اور ان میں لوگوں کی کثیر تعداد میں شرکت کو یقینی بنانے کے لیے عوامی رابطے تیز کیے جائیں۔ انہوں نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ جمعہ کے روز ہونے والے القدس مارچز میں پاکستانیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے زندہ قوم ہونے کا ثبوت دیا اور ثابت کردیا کہ وہ دکھ اور مصیبت کی اس گھڑی میں اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہیں۔ سراج الحق نے کہاکہ جماعت اسلامی پاکستان میں اسلامی انقلاب لانے کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ ہماری سیاست کا مقصد فرد کے ذریعے معاشرے کی اصلاح ہے، جماعت اسلامی کے ملک بھر میں موجود اراکین و کارکنان گلی گلی کوچہ کوچہ قرآن و سنت کا پیغام پہنچائیں۔ ملک اس وقت دوراہے پر کھڑا ہے، نام نہاد بڑی سیاسی جماعتیں عوام میں اپنا وقار کھو چکی ہیں، قوم اس وقت حقیقی تبدیلی کی منتظر ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ بھرپور محنت کی جائے اور لوگوں تک جماعت اسلامی کا پیغام پہنچایا جائے۔
خبر کا کوڈ : 933973
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش