QR CodeQR Code

"سیف القدس" مزاحمتی آپریشن میں فلسطینی فتح

زیاد النخالہ کیجانب سے ريبر انقلاب کے نام شکریہ کا خط

23 May 2021 22:33

غاصب صیہونی رژیم کی جارحیت کیخلاف کامیاب مزاحمتی آپریشن میں ایران کی کھلی مدد پر فلسطینی مزاحمتی تحریک جہاد اسلامی فی فلسطین کے سربراہ زیاد النخالہ نے ایرانی سپریم لیڈر کے نام اپنے شکریے کے خط میں لکھا ہے کہ ہر میدان میں آپکی مسلسل حمایت اور پشت پناہی نے؛ فلسطینی عوام کیجانب سے "سیف القدس" مزاحمتی آپریشن میں حاصل کی جانیوالی ہر کامیابی میں اہم ترین کردار ادا کیا ہے جبکہ حاج (جنرل اسمعیل) قاآنی اور انکے ساتھی اس معرکے کی کمان میں ہمارے ساتھ لمحہ بہ لمحہ حاضر رہے ہیں اور انکی بابرکت حاضری ہمارے لئے انتہائی مفید ثابت ہوئی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ فلسطینی مزاحمتی تحریک الجہاد الاسلامی فی فلسطین کے سربراہ زیاد النخالہ نے غاصب صیہونی رژیم کی جارحیت کے خلاف فلسطینی مزاحمتی محاذ کو ایران کی کھلی حمایت پر رہبر انقلاب اسلامی ایران کے نام شکریہ کا خط ارسال کیا ہے۔ سربراہ جہاد اسلامی فلسطین نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ ہر میدان میں آپ کی مسلسل حمایت اور پشت پناہی نے؛ فلسطینی عوام کی جانب سے "سیف القدس" مزاحمتی آپریشن میں حاصل کی جانے والی ہر کامیابی میں اہم ترین کردار ادا کیا ہے۔ زیاد النخالہ نے لکھا کہ ہماری قوم اور مبارک مزاحمتی محاذ دشمن کی سخت پریشانی اور دنیا بھر کے مومنین کی خوشحالی کا باعث بنا ہے جس نے دشمن کی (غير قانونی) حکومت کو مکڑی کے جال سے بھی زیادہ کمزور بنا دیا ہے۔ انہوں نے تاکید کی کہ جنابعالی کی وساطت سے قدس بریگیڈ کے برادران، جو سالہا سال سے ہمارے شانہ بشانہ موجود ہیں، نے اپنے تمام تجربات ہمیں منتقل کئے ہیں جس پر ہم آپ کے مشکور ہیں۔

نامه قدردانی «جهاد اسلامی فلسطین» به رهبر انقلاب

 
جہاد اسلامی فی فلسطین کے سربراہ نے اپنے خط میں لکھا کہ یہاں میں عزیز و محبوب شہید کمانڈر، جنرل قاسم سلیمانی کی یاد کو اپنا وظیفہ سمجھتا ہوں جو اپنی شہادت کے بدولت مزید اعلی مقام پر فائز ہو چکے ہیں جبکہ ان تاریخی لمحات میں ہم ان کے ساتھ سے محروم ہو گئے ہیں۔ زیاد النخالہ نے لکھا کہ شہید جنرل قاسم سلیمانی کے بھائی و دوست اور حاج (جنرل اسمعیل) قاآنی اور ان کے ساتھی اس معرکے کی کمان میں ہمارے ساتھ لمحہ بہ لمحہ حاضر رہے ہیں جبکہ ان کی بابرکت حاضری ہمارے لئے انتہائی مفید ثابت ہوئی ہے۔ انہوں نے لکھا کہ اسلامی مزاحمتی محاذ کی اس تاریخی کامیابی پر انتہائی عزت و افتخار کے ساتھ، میں اپنی، اپنے برادران اور مزاحمتی فورسز؛ جہاد اسلامی و القدس بریگیڈز کی کمان کی جانب سے آپ کو مبارکباد عرض کرتا ہوں۔ انہوں نے اپنے خط کے آخر میں لکھا کہ میں خداوند متعال سے دعاگو ہوں کہ وہ آپ کی حفاظت فرمائے، آپ کو عطا کی گئی اعلی نعمات کو جاری و ساری رکھے اور اسلامی جمہوریہ ایران اور اس کے بہادر سپاہیوں کو بھی اپنے حفظ و امان میں رکھے (آمین)۔
 


خبر کا کوڈ: 934108

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/934108/زیاد-النخالہ-کیجانب-سے-ريبر-انقلاب-کے-نام-شکریہ-کا-خط

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org