0
Monday 24 May 2021 22:23

لبیک القدس ملین مارچ میں خیبر پختونخوا کے عوام بھرپور شرکت کریں، عبدالواسع

لبیک القدس ملین مارچ میں خیبر پختونخوا کے عوام بھرپور شرکت کریں، عبدالواسع
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل عبدالواسع نے کہا ہے کہ فلسطین اور مسجد اقصیٰ امت مسلمہ کا مسئلہ ہے، امت کو توقع تھی کہ مسلمان ممالک کی تنظیم او آئی سی اسرائیل کو جواب دینے کے لئے مسلمان ممالک کو اکھٹا کرے گی اور قبلہ اول کی حفاظت کے لئے ایک صف میں کھڑے ہوں گے لیکن او آئی سی کے اجلاس میں عام مذمتی قرارداد پاس کی گئی جو بے روح، بے جان اور بے حس تھی۔ اسرائیل نے غزہ کی گیارہ لاکھ آبادی پر بدترین بمباری کی اور فاسفورس بم استعمال کئے۔ اسرائیل نے فلسطین میں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑادی ہیں۔ اسرائیلی بمباری کی وجہ سے بچے اور خواتین شہید ہوگئیں۔ حماس نے جرأت مندانہ اقدامات کے ذریعے اسرائیل کو اپنی شرائط پر جنگ بندی پر آمادہ کیا۔ سیز فائر مسئلے کا حل نہیں ہے بلکہ اسرائیلیوں کو فلسطین کی سرزمین سے نکالنا مسئلے کا حل ہے۔ 30 مئی کو پشاور میں جی ٹی روڈ پر القدس ملین مارچ کا انعقاد کررہے ہیں۔ خیبر پختونخوا کے غیور عوام پہلے کی طرح اس بار بھی امت مسلمہ کے مسائل کے حل کے لئے لبیک القدس ملین مارچ میں شرکت کریں گے۔ ملین مارچ کے لئے تمام اضلاع میں تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ ہم دنیا کو اسرائیل کا مکروہ چہرہ دکھا ئیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع سوات کے دفتر میں ضلعی ذمہ داران کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

پریس کانفرنس میں جماعت اسلامی ضلع سوات کے امیر حمید الحق، سیکرٹری جنرل ڈاکٹر خالد فاروق اور جے آئی یوتھ کے جنرل سیکرٹری شوکت بھی موجود تھے۔صوبائی سیکرٹری جنرل نے پریس کانفرنس سے قبل ضلعی ذمہ داران کے اجلاس میں ملین مارچ کے لئے تیاریوں کا جائزہ لیا اور منصوبہ بندی کی۔ عبدالواسع نے مزید کہا کہ اسرائیل نے جدید جنگی ہتھیاروں کا شہری علاقوں پر استعمال کرکے سنگین جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جنگ ختم نہیں ہوئی بلکہ جاری ہے اور اسرائیل کے ناپاک وجود کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ مظلوموں کی حمایت تمام مسلمانوں پر واجب ہے۔ اسرائیل عالم اسلام کا مشترکہ دشمن ہے اس کے خلاف صف بندی دینی، انسانی اور شرعی فریضہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل بیت المقدس کو صہیونیت اور یہودیت کا مرکز بنانے میں ناکام اور رسوا ہو گا۔ فلسطینیوں نے جرات، بہادری اور استقامت کے ساتھ اپنے پاکیزہ خون اور لازوال قربانیوں کے ساتھ اسرائیلی ظلم و جبر کا مقابلہ کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 934313
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش