0
Monday 24 May 2021 23:25

امریکہ اور مغربی ممالک اسرائیلی صیہیونی دہشتگردی اور جنگی جرائم کی سرپرستی کر رہے ہیں، لیاقت بلوچ 

امریکہ اور مغربی ممالک اسرائیلی صیہیونی دہشتگردی اور جنگی جرائم کی سرپرستی کر رہے ہیں، لیاقت بلوچ 
اسلام ٹائمز۔ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و سیاسی امور کمیٹی کے چیئرمین لیاقت بلوچ نے اہل کراچی کو القدس مارچ میں فقید المثال شرکت پر شاباش دیتے ہوئے کہا کہ اہل کراچی نے ہمیشہ کی طرح ملت اسلامیہ سے تاریخ ساز اظہار یکجہتی کیا ہے۔ انشااللہ 30 مئی کو پشاور میں القدس ملین مارچ میں خیبرپختونخوا کے غیور ، مجاہد صفت اور اسلامی انقلاب کے علمبردار عوام تاریخ ساز شرکت کریں گے۔ فلسطین جل اور سلگ رہا ہے، امریکہ اور مغربی ممالک اسرائیلی صیہیونی دہشتگردی اور جنگی جرائم کی سرپرستی کر رہے ہیں۔ مسلم حکمران اپنی مجرمانہ بے حسی کو مکمل طور پر ترک کرنے کے لیے ابھی بھی تیار نہیں۔ کشمیر، فلسطین، افغانستان، شام، یمن، لیبیا کے بحران بھی عالم اسلام کے اتحاد کے ذریعے ہی ختم ہوں گے۔ امریکہ اور یورپی ممالک اسلاموفوبیا کی بنیاد پر اسلام، مسلم عوام اور اسلامی تہذیب کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ اتحاد امت ہی تحفظ اور سلامتی ہے۔ اسلامی ممالک کے مقتدر حکمران کشمیر، فلسطین، افغانستان کے مسلم عوام کے دکھ درد کا احساس کریں انہیں صفحہ ہستی سے مٹادیا گیا تو کوئی بھی اسلامی ملک اپنی آزادی اور غیرت و حمیت کی حفاظت نہیں کر سکے گا۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ عمران خان حکومت نے 5 اگست کو بھارتی مودی فاشسٹ اقدامات پر پھرتی دکھائی اور اب فلسطین کے بحران پر بھی فعالیت دکھائی نہیں دیتی۔ کشمیر، فلسطین، افغانستان کے ایشوز پر وقتی تحرک اور ایڈہاک پالیسی کی بجائے طویل المعیاد، دوررس، ہمہ گیر قومی متفقہ حکمت عملی اور ایکشن پلان بنایا جائے۔ کشمیر، فلسطین اور افغانستان کے بحرانوں کے حل کے لیے پاکستان عالم اسلام کے اتحاد کے لیے جوہری کردار ادا کرسکتا ہے۔ عالمی اور عالم اسلام کے محاذ پر پاکستان کی عزت و وقار کی بحالی کے لیے وقت ضائع نہ کیا جائے۔ حکومت، اپوزیشن، ریاستی ادارے اس تاریخ ساز مرحلہ پر یک جان، یک آواز اور ایک پیج پر آئیں۔ وزیراعظم عمران خان کو قومی مفادات کے لیے ذاتی انا اور سیاسی عارضی مفادات کو قربان کر کے قومی کردار ادا کرنا ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 934324
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش