0
Monday 24 May 2021 23:46

پرویز مشرف کے دور کی غلطی دوبارہ دہرائی گئی تو یہ ملک اور قوم کیلئے ایک اور المیہ ہوگا، سراج الحق 

پرویز مشرف کے دور کی غلطی دوبارہ دہرائی گئی تو یہ ملک اور قوم کیلئے ایک اور المیہ ہوگا، سراج الحق 
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم امریکہ کو فضائی اور زمینی حدود کے استعمال کی اجازت نہیں دے گی۔ پرویز مشرف کے دور کی غلطی دوبارہ دہرائی گئی تو یہ ملک اور قوم کے لیے ایک اور المیہ ہوگا۔ پاکستان پرائی جنگ اپنے کندھوں پر لادنے کی بھاری قیمت پہلے ہی ادا کرچکا ہے۔ ڈالروں کے عوض امریکہ کی جنگ میں 70 ہزار افراد ایندھن بنے۔ حکومت نے پرویز مشرف کی پالیسی اپنا کر اپنے تبدیلی کے نعرے کو خود دفن کر دیا۔ قرضوں کے خاتمے کا وعدہ کیا، لیکن اس میں اضافے کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے۔ پی ٹی آئی نے ملک کا جو حال تین سال میں کر دیا ہے، اس کو ٹھیک کرنے کے لیے کئی نسلوں کو قیمت چکانا پڑے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی وسطی پنجاب کے نظم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب جاوید قصوری، بلال قدرت بٹ، قیصر شریف، ذکر اللہ مجاہد، وقار ندیم وڑائچ، نصر اللہ گورائیہ اور دیگر شریک تھے۔

سراج الحق نے کہا کہ حکومت کو امریکہ کے اس بیان کی فوری وضاحت کرنی چاہیئے، جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستان میں امریکی فوج کو فضائی اور زمینی حدود کو استعمال کرنے کی دوبارہ اجازت دی گئی ہے۔ خطے کی موجودہ صورتحال میں ایسا کوئی بھی قدم پاکستان کو دوبارہ پرائی جنگ میں دھکیلنے کے مترادف ہوگا۔ گذشتہ دو عشروں میں پاکستان اپنی ایسی ہی غلطی کا بھاری نقصان اٹھا چکا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت ہوش کے ناخن لے اور ماضی کی غلطی کو دہرانے سے باز رہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس طرح کا کوئی قدم اٹھایا گیا تو قوم ماضی کی طرح اب اس پالیسی کو دہرانے نہیں دے گی۔ ہمارے ملک کے لیے ضروری ہے کہ خطے میں امن ہو اور کسی بھی ایسی سرگرمی کا حصہ نہ بنا جائے، جس سے مجموعی طور پر پاکستان کی سلامتی اور امن داو پر لگ جائے۔
خبر کا کوڈ : 934337
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش