0
Tuesday 25 May 2021 12:32

افغان فورسز سے تصادم میں 50 طالبان ہلاک

افغان فورسز سے تصادم میں 50 طالبان ہلاک
اسلام ٹائمز۔ افغانستان کے صوبے لغمان کے دارالحکومت میں افغان فورسز کے طالبان کے ساتھ تصادم کے نتیجے میں حکام نے 50 طالبان کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق یکم مئی سے امریکی افواج کے انخلا کے آغاز کے بعد سے افغانستان میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے اور شدت پسند نئے علاقوں پر قبضے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ افغان فورسز اور طالبان کے درمیان حالیہ تصادم صوبے لغمان کے دارالحکومت مہترلام میں اتوار کو رات گئے ہوا۔ حکام نے کہا کہ لڑائی کے دوران ایک موقع پر وزیر دفاع و سابق چیف آف آرمی اسٹاف یاسین ضیا خود میدان میں آ گئے۔ یاسین ضیا نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ نفری آنے کے بعد دشمن کو بھاری نقصان پہنچا۔ وزارت دفاع نے کہا کہ رات بھر جاری رہنے والی لڑائی میں طالبان کے 50 افراد ہلاک ہوئے۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اے ایف پی کو بتایا کہ انہوں نے شہر کے مضافات میں 37 سکیورٹی چیک پوائنٹس پر قبضہ کر لیا ہے۔ افغانستان میں پرتشدد واقعات میں ہلاکتوں کی تعداد کی آزاد ذرائع سے تصدیق غیر معمولی بات ہے اور دونوں فریقین اپنی کامیابیوں کو بڑھا چڑھا کر اور نقصان کو کم کرکے بتاتے ہیں۔ افغان فورسز اور طالبان کے درمیان تصادم کا سلسلہ پیر کو بھی جاری رہا جس کے باعث سیکڑوں لوگوں کو نقل مکانی کرنا پڑی۔ مہترلام پر حملہ طالبان کی طرف سے نئے علاقے کا کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش کے بعد ہوا ہے۔ حالیہ دنوں میں شدت پسندوں نے وردک صوبے کے اضلاع نرخ اور جَلریز پر قبضہ کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 934398
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش