0
Tuesday 25 May 2021 17:47

کراچی یونین آف جرنلسٹس کا سندھ حکومت سے مطالبہ

کراچی یونین آف جرنلسٹس کا سندھ حکومت سے مطالبہ



اسلام ٹائمز۔ کراچی یونین آف جرنلسٹس (دستور گروپ) نے صوبائی حکومت سے بڑا مطالبہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی یونین جرنلسٹس (دستور گروپ) کی جانب سے ایک پریس ریلیز جاری کی گئی ہے، جس میں انہوں نے صحافیوں، فوٹو گرافرز، کیمرہ مینز اور میڈیا ورکرز کو رات آٹھ بجے کے بعد باہر نکلنے کی پابندی سے استثنیٰ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ چیئرمین دستور گروپ ڈاکٹر عبدالجبار خان نے اپنے بیان میں کہا کہ پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا میں کام کرنے والے صحافی، فوٹوگرافر، کیمرہ مین اور دیگر میڈیا ورکرز عموماً رات گئے اپنے دفاتر سے گھروں کو واپس لوٹتے ہیں، جبکہ میڈیا کی ٹیمیں بھی کوریج کیلئے شہر کے مختلف علاقوں میں جاتی ہیں۔ پریس ریلیز میں کہا گیا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے رات آٹھ بجے کے بعد جس پابندی کا اعلان کیا گیا ہے، اس کے بعد رات گئے گھروں کو واپس جانے والے یا شفٹوں میں کام والے میڈیا ورکرز کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

پریس ریلیز میں کہا گیا کہ اس ضمن میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور آئی جی سندھ کو اس حوالے سے واضح ہدایات جاری کریں کہ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو ان کی جانب سے شناخت ظاہر کیے جانے کے بعد پریشان نہ کیا جائے۔ واضح رہے کہ آج محکمہ داخلہ سندھ نے کورونا کی تیسری لہر کے باعث شہر قائد میں نئی پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ آج رات آٹھ بجے سے سندھ بھر میں شہریوں کی غیر ضروری نقل و حرکت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 934449
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش