0
Tuesday 25 May 2021 21:40
پاکستان عوامی تحریک کے 32ویں یوم تاسیس کی خصوصی تقریب

تبدیلی کے نام پر منافقت ہو رہی ہے، خرم نواز گنڈا پور

تبدیلی کے نام پر منافقت ہو رہی ہے، خرم نواز گنڈا پور
اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کے 32ویں یوم تاسیس کے موقع پر مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی اور کیک کاٹا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ عوامی تحریک تبدیلی کی اصل آواز ہے، تبدیلی کے نام پر منافقت ہو رہی ہے، ٹی وی کی سکرین پر نظام کی مخالفت جبکہ اسمبلیوں میں اس نظام کو مضبوط بنانے کیلئے کام کیا جاتا ہے، کوئی اپوزیشن میں ہو یا حکومت میں سب کو حصہ مل رہا ہے، نظام کیخلاف بیان بازی کے باوجود سٹیٹس کو کی قوتیں اسی نظام کا استحکام چاہتی ہیں۔ عوامی تحریک نظام کی تبدیلی کی سب سے بڑی آواز ہے۔ کارکن پوچھتے ہیں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کے لئے اور کتنا صبر کریں؟۔ حکمران بتائیں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ دار کب کٹہرے میں آئیں گے؟ کم از کم اس دور حکومت میں تو اس سوال کا جواب ملنا چاہیے؟۔

تقریب سے مرکزی نائب صدر راجہ زاہد محمود، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، سیکرٹری کوآرڈینیشن عارف چودھری نے خطاب کیا۔ یوم تاسیس کی تقریب میں بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، سلطان محمود چودھری، نعیم الدین چودھری، انجینئر محمد رفیق نجم، رانا محمد ادریس، جواد حامد، رانا محمد فاروق، مظہر محمود علوی، ثاقب بھٹی، سدرہ کرامت، حافظ غلام فرید، اشتیاق حنیف مغل، شاہد لطیف نے خصوصی شرکت کی۔ پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ کیسی تبدیلی ہے سزا یافتہ مجرم پہلے بھی بھاگ جاتے تھے اب بھی بھاگ رہے ہیں۔ جنہیں جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہونا چاہیے ان سے ڈیلیں ہو رہی ہیں۔ انصاف کا ظالم نظام بدلا نہ پولیس کے ظلم میں کمی آئی، مظلوم کل بھی روتا تھا مظلوم آج بھی روتا ہے۔ مرکزی نائب صدر راجہ زاہد محمود نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انصاف اور تفتیش کے ادارے اپنی ساکھ کھو چکے ہیں، انصاف چہرے دیکھ کر ملتا ہے، شرفاء کی تھانے کچہری میں تذلیل اور پیسے والے کو کرسی ملتی ہے۔ عوامی مسائل پہلے سے زیادہ بڑھ گئے۔

سیکرٹری کوآرڈینیشن عارف چودھری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2014ء کے دھرنے میں عمران خان کی عوامی تحریک کے کارکنوں نے حفاظت کی۔عمران خان نے اس حفاظت پر کارکنوں کا شکریہ ادا کیا تھا مگر انہوں نے اقتدار میں آنکھیں ماتھے پررکھ لیں۔ ہم عہدے، ترقیاتی فنڈز یا وزارتیں نہیں مانگ رہے ہم سانحہ ماڈل ٹاؤن کا انصاف مانگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی نواز شریف اور شہباز شریف کے درج کروائے گئے جھوٹے مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر کیک کاٹا گیا اور پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کیلئے دعا کی گئی۔ تقریب میں راجہ ندیم، انیلہ ڈوگر، عائشہ مبشر، سرفراز خان،علامہ غلام مرتضیٰ علوی، حافظ وقار، سعید اختر، حافظ عابد بشیر، میاں زاہد جاوید، طیب ضیاء و دیگر نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 934488
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش