0
Wednesday 26 May 2021 01:54

امریکہ کو زمینی اور فضائی راستے دینا قابل مذمت، حکومت حقائق قوم کے سامنے لائے، رائو محمد ظفر

امریکہ کو زمینی اور فضائی راستے دینا قابل مذمت، حکومت حقائق قوم کے سامنے لائے، رائو محمد ظفر
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب راو محمد ظفر نے امریکی حکام کی جانب سے دیا جانے والا بیان کہ پاکستان نے افغانستان میں فوج کی موجودگی برقرار رکھنے کے لیے زمینی اور فضائی راستے دیدیئے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کو فضائی اور زمینی راستے دینے کی خبریں پاکستان کی خودمختار خارجہ پالیسی پر بڑا سوالیہ نشان ہے۔ اس حوالے سے حکومت تفصیلات قوم کے سامنے لائے۔ یہ بات انہوں نے دارالسلام دفتر جماعت اسلامی ملتان میں جماعت اسلامی جنوبی ملتان کے زیراہتمام منعقدہ شام عید ملن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ پرویزمشرف کے دور میں اس پالیسی کا خمیازہ قوم بھگت چکی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ سابقہ حکومتوں کی طرح موجودہ حکمران بھی امریکہ کی غلامی کا طوق گلے میں ڈالنے کے لیے بے تاب نظر آتے ہیں۔ پاکستان ایک خودمختار ریاست ہے مگر بدقسمتی سے گزشتہ 74برسوں سے یہ امریکی خارجہ پالیسی کے تابع رہی۔

اس کی سب سے بڑی وجہ ایسے حکمرانوں کا برسر اقتدار آجانا ہے جو پاکستان کی بجائے امریکہ کے زیادہ وفادار رہے ہیں۔ ان کے مفادات پاکستان اور اس کے 22کروڑ عوام کو امریکی غلام بنانے میں تھے۔ عمران خان وزیراعظم بننے سے قبل قوم کو خودانحصاری کا بڑا درس دیتے تھے آج وزیراعظم بن کر وہی کچھ کررہے ہیں جو سابقین کرتے رہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ نائن الیون کے بعد جس طرح امریکہ نے دنیا میں تباہی مچائی اور لاکھوں افراد کو لقمہ اجل بنایا اس دہشت گردی کی مثال کہیں نظر نہیں آتی۔ جب تک پاکستان پر امریکی غلامی کا دم بھرنے والے حکمران بنتے رہیں گے اس وقت پاکستان حقیقی معنوں میں خودمختار نہیں بن سکتا۔ تقریب سے امیر جماعت اسلامی جنوبی ملتان ڈاکٹر اورنگزیب شہزاد، ڈپٹی جنرل سیکرٹری جنوبی پنجاب عبدالمقیت، خواجہ محمد عاصم ریاض اور حافظ محمد فیاض نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 934516
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش