0
Wednesday 26 May 2021 02:40

اسلامی ممالک تمام تر وسائل کے مالک ہونے کے باوجود اغیار کے آگے جھکے ہوئے ہیں، سراج الحق 

اسلامی ممالک تمام تر وسائل کے مالک ہونے کے باوجود اغیار کے آگے جھکے ہوئے ہیں، سراج الحق 
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ امریکہ کو زمینی و فضائی رسائی دینے کے معاہدے پارلیمنٹ میں لائے جائیں، نائن الیون کے بعد ایک فرد واحد نے اقتدار کے دوام اور اپنے مقاصد کے حصول کے لیے ملک کی زمین کا سودا کیا۔ قوم کو حقائق جاننے کا مکمل حق ِہے، تبدیلی حکومت کی اب تک کی کارکردگی زیرو ہے، کابینہ کے 226 اجلاسوں کی آوٹ پٹ نشستن گفتن برخاستن کے سوا کچھ نہیں۔ حکمرانوں کے اس عمل سے لوگوں کو روٹی نہیں ملے گی۔ آئی ایم ایف کے تابعداروں سے معیشت کی بہتری کی کوئی توقع نہیں، مہنگائی کا دو سال سے بے قابو جن عوام کا سب کچھ نگل گیا، بے روزگاری نے پڑھے لکھے نوجوانوں کو چوکوں چوراہوں پر بٹھا دیا۔ مدینہ ریاست کا خواب دکھانے والے ملک کی نظریاتی اساس کو بھی تباہ کرنے کے درپے ہیں۔ اداروں میں بنیادی ریفارمز لانا ہوں گی، ہیلتھ سیکٹر کو ماڈرنائز کرنے کی ضرورت ہے، اگر حکومت گزشتہ تین سالوں میں تھوڑی بہت توجہ صحت کے شعبہ کی بہتری پر دیتی تو کوئی وجہ نہ تھی کہ ہسپتالوں کی صورتحال بدلی نظر آتی۔ حکومت لوگوں کے لیے ایمرجنسی بنیادوں پر ویکسی نیشن کا بندوبست کرے۔ بیرون ملک جانے والے افراد کی ترجیحی بنیادوں پر ویکسی نیشن ہونی چاہیے۔ سعودی عرب اور دیگر خلیجی ریاستوں کے ورک پرمٹ ہولڈرز کو ویکسین نہیں مل رہی جس سے ہزاروں لوگوں کے روزگار تباہ ہونے کا خدشہ ہے، حکومت فوری طور پر متوجہ ہو۔ بیرون ملک پاکستانی ملک کا اثاثہ ہیں، حکومت نے ان کے لیے بھی محض نعروں سے ہی کام لیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پارٹی کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔     

سراج الحق نے کہا کہ امت کے زوال کا سبب قرآن و سنت سے رشتہ کمزور ہونا ہے، اگر دنیا میں موجود پونے دو ارب مسلمان فضائے بدر پیدا کر لیں تو کوئی وجہ نہیں کہ ان کی مدد و نصرت غیبی طریقوں سے نہ ہو۔ اسلامی ممالک تمام تر وسائل کے مالک ہونے کے باوجود اغیار کے آگے جھکے ہوئے ہیں، عوام مفلوک الحال ہیں جبکہ حکمران دولت کے پہاڑوں پر بیٹھے ہیں، اسلامی دنیا کے مسائل حل کرنے کے لیے او آئی سی اہم پلیٹ فارم ہے مگر بدقسمتی سے یہ تاحال وہ کام سرانجام نہیں دے سکا جس کی اس سے توقع تھی۔ امیر جماعت نے کہاکہ پاکستان کو اللہ تعالی نے ایٹمی قوت بنایا ہے، مشکلات کے باوجود قوم سرفراز ہوئی اور ملک پوری امت مسلمہ کے لیے فخر کا باعث بنا مگر کمزور معیشت، بزدل حکمرانوں نے ہر اہم موقع پر قوم کے وقار کا سودا کیا۔ پی ٹی آئی حکومت بڑ ے دعوے کر کے آئی مگر آدھی مدت اقتدار میں ہی ٹھس ہو گئی۔ تینوں بڑی جماعتوں نے تین دہائیوں سے زائد عرصہ اقتدار میں گزارا جبکہ باقی دور مارشل لاوں کی نذر ہوگیا، حکمرانوں نے جیبیں بھریں مگر عوام کے حالات جوں کے توں رہے۔
 
خبر کا کوڈ : 934521
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش