QR CodeQR Code

حکومت کا 94 مسافر ٹرینوں کی نجکاری کا فیصلہ

26 May 2021 17:37

پہلے مرحلے میں اپ اینڈ ڈاؤن 30 جبکہ دوسرے میں 64 مسافر ٹرینوں کی آؤٹ سورسنگ کی جائیگی۔ سب سے زیادہ کراچی کی 32 ٹرینوں کو آؤٹ سورس کیا جائیگا، لاہور سے چلنے والی اپ اینڈ ڈاؤن 12، راولپنڈی اور کوئٹہ کی 4، 4 ٹرینیں آؤٹ سورس ہونگی۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان ریلوے شدید مالی بحران کا شکار ہوگئی۔ آپریشن اخرجات میں اضافے، کورونا لاک ڈاؤن اور سفری پابندیوں سے ریلوے کو 3 سال میں 1 کھرب 19 ارب سے زائد کا خسارہ ہوا، جبکہ گزشتہ سال ٹرین آپریشن کی معطلی اور لاک ڈاؤن کے سبب ریلوے کو 60 ارب سے زائد کا نقصان اٹھانا پڑا۔ نقصان سے جان چھڑانے کیلئے پاکستان ریلوے نے جامع حکمت عملی تیار کر لی جس کے تحت ریلوے خسارے کا سبب بنے والی تمام ٹرینوں کا آپریشن معطل کرکے انہیں بند کر دیا جائیگا، جبکہ دیگر مسافر ٹرینوں کی مرحلہ وار نجکاری کی جائیگی اور انہیں نجی کمپنیوں کے سپرد کیا جائیگا۔ کورونا وائرس کے دوران گزشتہ سال سے اب تک اپ اینڈ ڈاؤن 72 ٹرینیں آپریشن خسارہ بڑھنے کی وجہ سے بند کر دی گئیں ہیں۔ جس کے بعد مرحلہ وار تمام مسافر ٹرینوں کو آؤٹ سورسنگ سے متعلق فریم ورک کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ ریلوے حکام کے مطابق ٹرینوں کے آؤٹ سورسنگ کے دوران کسی بھی ملازم کو ملازمت سے فارغ نہیں کیا جائیگا۔

پہلے مرحلے میں اپ اینڈ ڈاؤن 30 جبکہ دوسرے میں 64 مسافر ٹرینوں کی آؤٹ سورسنگ کی جائیگی۔ سب سے زیادہ کراچی کی 32 ٹرینوں کو آؤٹ سورس کیا جائیگا، لاہور سے چلنے والی اپ اینڈ ڈاؤن 12، راولپنڈی اور کوئٹہ کی 4، 4 ٹرینیں آؤٹ سورس ہونگی۔ 32 مسافرٹرینوں اپ اینڈ ڈاؤن کو ملاکر 64بن جاتی ہیں ان میں گرین لائن، خیبرمیل، تیزگام، علامہ اقبال، ہزارہ ایکسپریس، عوامی ایکسپریس، کراچی ایکسپریس، ملت، بہاؤ الدین زکریا، شالیمار ،پاک بزنس، جعفرایکسپریس، قراقرم، شاہ حسین، پاکستان ایکسپریس، رحمان بابا، سبک رفتار، سبک خرام، راول، اسلام آباد ایکسپریس، غوری، موسیٰ، لاثانی، کوہاٹ ایکسپریس، میانوالی ایکسپریس، اٹک پسنجر، جنڈ پسنجر، موئن جو دوڑو، شاہین پسنجر، راولپنڈی پسنجر اور چمن پسنجر شامل ہیں۔


خبر کا کوڈ: 934633

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/934633/حکومت-کا-94-مسافر-ٹرینوں-کی-نجکاری-فیصلہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org