QR CodeQR Code

اسرائیل کی حمایت کیلئے امریکہ نے عالمی اداروں کو یرغمال بنا رکھا ہے، پیر محفوظ مشہدی

امریکہ دنیا کا دہشتگرد نمبر ون ہے، جو اسرائیلی جرائم کی پردہ پوشی کر رہا ہے، خطاب

26 May 2021 19:01

مرکزی صدر جے یو پی کا لاہور میں کارکنوں سے خطاب میں کہنا تھا کہ دہشت گرد امریکہ اور اسرائیل، مظلوم فلسطینی عوام کے حقوق غصب کر رہے ہیں، او آئی سی، عرب لیگ سمیت کسی اسلامی ملک نے فلسطینی عوام کی عملی دفاعی مدد نہیں کی۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے پاکستان (سواد اعظم )کے مرکزی صدر پیر سید محمد محفوظ مشہدی نے کہا ہے کہ امریکہ سے کسی خیر کی توقع نہیں کی جا سکتی۔ یہ دہشتگردوں کا ساتھی اور سرپرست ہے۔ امریکہ ناجائز غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کی سیاسی سرپرستی، مالی اور دفاعی معاونت کے باعث انسانیت، اسلام اور مسلمانوں کیخلاف جرائم میں برابر کا شریک ہے۔ لاہور میں کارکنون سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ کا دورہ تل ابیب انسانیت دشمن ریاست کی حوصلہ افزائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل اور تمام عالمی اداروں کو ناجائز صہیونی ریاست کے تحفظ کیلئے استعمال کر رہا ہے اور دنیا بھر میں دہشت پھیلانے کا ذمہ دار ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ نے تمام عالمی اداروں کو یرغمال بنا رکھا ہے، جس کے باعث مظلوموں کی بجائے، ظالموں کی حمایت کی جا رہی ہے۔ دہشتگرد امریکہ اور اسرائیل، مظلوم فلسطینی عوام کے حقوق غصب کر رہے ہیں۔ اسرائیل نے 1948ء سے فلسطین کی سرزمین پر قبضہ کر رکھا ہے، جسے کسی صورت قبول نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ دنیا کا دہشتگرد نمبر ون ہے، جو اسرائیل کے انسانیت کیخلاف جرائم کی پردہ پوشی کر رہا ہے۔ اگر یہ جرائم جاری رہیں گے، تو دنیا میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔ جے یو پی کے مرکزی صدر نے افسوس کا اظہار کیا کہ او آئی سی، عرب لیگ، سعودی عرب اور پاکستان سمیت کوئی بھی اسلامی ملک فلسطینی عوام کی عملی دفاعی مدد کیلئے نہیں پہنچا۔


خبر کا کوڈ: 934646

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/934646/اسرائیل-کی-حمایت-کیلئے-امریکہ-نے-عالمی-اداروں-کو-یرغمال-بنا-رکھا-ہے-پیر-محفوظ-مشہدی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org