0
Wednesday 26 May 2021 22:28

وزیراعلیٰ کا لیہ کیلئے 13 ارب 80 کروڑ روپے کے خصوصی ترقیاتی پیکیج کا اعلان

وزیراعلیٰ کا لیہ کیلئے 13 ارب 80 کروڑ روپے کے خصوصی ترقیاتی پیکیج کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت نے آج یونیورسل ہیلتھ انشورنس کا آغاز لیہ سے کردیا ہے، اس پروگرام کو آج ڈیرہ غازی خان ڈویژن اور ساہیوال ڈویژن میں باقاعدہ شروع کیا گیا ہے اور ان دونوں ڈویژن کے 7 اضلاع میں یونیورسل ہیلتھ انشورنس کے تاریخ ساز پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے۔ فلاحی ریاست کے ویژن کے مطابق پنجاب کے تمام شہریوں کو علاج معالجے کی مفت سہولت کے لئے یہ پروگرام شروع کیا گیا ہے۔پہلے مرحلے میں ڈیرہ غازی خان اور ساہیوال ڈویژن کے 48 لاکھ خاندان اور ایک کروڑ 15 لاکھ سے زائد افراد یونیورسل ہیلتھ کیئر پروگرام کے تحت مفت علاج معالجے کی سہولت حاصل کرسکیں گے۔ دونوں ڈویژن کے شہری اپنا قومی شناختی کارڈ لے کر مخصوص ہسپتالوں میں جاکر علاج معالجے کی بہتر سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ اس پروگرام کے تحت ہر خاندان سالانہ سوا 7 لاکھ روپے تک مفت علاج کی سہولت حاصل کرسکے گا اور اس کے ساتھ مریض کو آمدورفت کے لئے کرایہ اور 5 دن کے لئے ادویات بھی دی جائیںگی اور انشاء اللہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق بہت جلد صوبہ پنجاب کا ہر شہری اس سہولت سے فیض یاب ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسل ہیلتھ کیئر پروگرام پنجاب ایسا پراجیکٹ ہے جس کی مثال جنوبی ایشیا تو کیا شاید بیشتر ترقی یافتہ ممالک میں بھی نہ ملے۔ جہاں ہر شہری کو مفت علاج معالجے کیلئے ایسی منفرد سہولت حاصل ہو۔ آج اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے وزیراعظم عمران خان نے لیہ میں مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے اور اس ہسپتال سے ماں اور بچے کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں ان کی دہلیز پر میسر ہوںگی۔ لیہ کا سٹیٹ آف دی آرٹ مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال 5 ارب 73 کروڑ 70 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر ہوگا۔ وہ آج لیہ میں یونیورسل ہیلتھ کوریج پروگرام اور اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کے آغاز کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نیا پنجاب بیسک ہیلتھ یونٹ سولر لائزیشن پروگرام میں لیہ کو شامل کیا گیا ہے اور اس کے 36 بنیادی مراکز صحت کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جارہاہےـ وزیراعظم عمران خان نے آج اس کا افتتاح کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ لیہ میں آج 69 کروڑ 40 لاکھ روپے کے 2 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا گیا ہے، جس میں لیہ شہر کی بیوٹیفکیشن اور روڈ انفراسٹرکچر کا منصوبہ 30 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے جبکہ نیا پاکستان منزلیں آسان پروگرام کے تحت 28 کلو میٹر طویل سڑکوں کی 38 کروڑ 20 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر مکمل کی گئی جبکہ ایک ارب 5 کروڑ 30 لاکھ روپے کے 3 ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے، عوام کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے 67 کروڑ کی لاگت سے لیہ چوک اعظم دو رویہ سڑک کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے۔ لیہ کیلئے پنجاب حکومت 10 ترقیاتی منصوبوں کیلئے 59 کروڑ روپے کی منظوری دے چکی ہے۔ ان میں سڑکوں کی تعمیر و توسیع و بحالی کے 9 اور ہیلتھ کے منصوبے شامل ہیں۔ لیہ میں شوگر کین سیس پروگرام کے تحت 40 کروڑ روپے کی لاگت سے فارم ٹو مارکیٹ سڑکوں کی تعمیرو مرمت کی گئی ہےـ

انہوں نے کہا کہ یکساں ترقی ہمارا ویژن ہے اور اسی ویژن کے تحت ہم لیہ کو بھی بڑے شہروں کے برابر لانا چاہتے ہیں تاکہ عوام کے احساس محرومی کا ازالہ کیا جا سکے اور تبدیلی کے اس وعدے کی تکمیل نظر آئے جو ہم نے عوام سے کیا تھاـ وزیراعلیٰ نے کہا کہ لیہ کیلئے خصوصی طور پر 13 ارب 80 کروڑ روپے کا ڈسٹرکٹ پیکیج تیار کیا گیا ہے جس میں 5 ارب 73 کروڑ کی لاگت سے مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال بھی شامل ہے۔ اس پیکیج کے تحت 63  ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جائیں گے ان میں ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج کے تحت ہائر ایجوکیشن کے 8، سکول ایجوکیشن کے بھی 8، نکاسی و فراہمی آب کے 6، ہیلتھ کے 5، ریسکیو 1122 سروسز کے 4، بیوٹی فکیشن اور میونسپل سروسز کے 2، روڈ سیکٹر کے 12، سپورٹس اور ٹورازم سیکٹر کے 2 پراجیکٹ مکمل کئے جائیںگے جبکہ ضلع لیہ میں اس وقت 21 ارب روپے کے 910 ترقیاتی منصوبے زیر تکمیل ہیں۔
خبر کا کوڈ : 934668
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش