QR CodeQR Code

ایم کیو ایم پاکستان کا وفاقی وزیر داخلہ سے کراچی کے مسئلے پر بڑا مطالبہ

26 May 2021 22:18

ایم کیو ایم کا مؤقف ہے کہ سندھ کی متعصب حکومت کورونا ایس او پیز کے بارے میں شعور اور آگاہی کی مہم چلانے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے، پولیس بھتہ لے کر بند دوکانیں کھلواتی ہے، یہ عمل بھی رکنا چاہیئے۔


اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید سے کراچی کے مسئلے پر مطالبہ کیا ہے کہ پولیس کو حدود سے تجاوز سے روکا جائے۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے الزام لگایا ہے کہ سندھ حکومت کورونا ایس او پیز کی آڑ میں شہریوں کی عزت نفس مجروح کر رہی ہے اور شہریوں کے حقوق پامال کئے جا رہے ہیں۔ ایم کیو ایم کے اراکین اسمبلی نے کراچی کے دو روزہ دورے پر آئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پولیس کو حدود سے تجاوز اور قانون کی دھجیاں بکھیرنے سے روکیں۔ ایم کیو ایم پاکستان نے کراچی کو پولیس اسٹیٹ میں تبدیل کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

اراکین کا کہنا ہے کہ شب 8 بجے کے بعد کراچی کی سڑکوں پر پولیس کی لوٹ مار عروج پر ہوتی ہے، خواتین اور بزرگ شہریوں سے بھی ہتک آمیز رویہ رکھا جاتا ہے۔ ایم کیو ایم کا مؤقف ہے کہ سندھ کی متعصب حکومت کورونا ایس او پیز کے بارے میں شعور اور آگاہی کی مہم چلانے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے، ایم کیو ایم نے دعویٰ کیا کہ پولیس بھتہ لے کر بند دوکانیں کھلواتی ہے، یہ عمل بھی رکنا چاہیئے اور شہریوں کی عزت نفس کا خیال رکھا جائے۔ اراکین کا کہنا ہے کہ دعوے کئے جا رہے تھے کہ ویکسینیشن سینٹرز 24 گھنٹے کھلے رہیں گے لیکن یہ بات مشاہدے میں آئی ہے کہ کورونا ویکسینیشن سینٹرز چھٹیوں میں بند نظر آئے اور بدنظمی کا شکار رہے۔


خبر کا کوڈ: 934674

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/934674/ایم-کیو-پاکستان-کا-وفاقی-وزیر-داخلہ-سے-کراچی-کے-مسئلے-پر-بڑا-مطالبہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org