QR CodeQR Code

سینیٹ میں اپوزیشن کی عدم موجودگی میں سی پیک اتھارٹی بل منظور

27 May 2021 23:14

قائد ایوان ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ سی پیک ایک بہت اہم منصوبہ ہے اور ملک کا مستقبل اس سے جڑا ہوا ہے۔ ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ سی پیک اتھارٹی کا جلد قیام ہو تاکہ یہ بجٹ میں شامل کیا جائے، سی پیک اتھارٹی بل کو ایوان منظور کرے۔


اسلام ٹائمز۔ سینیٹ میں اپوزیشن کی عدم موجودگی میں سی پیک اتھارٹی بل منظور کرلیا گیا۔ بل کی منظوری کے بعد سینیٹ کا اجلاس کل صبح گیارہ بجے تک کے لیے ملتوی کردیا گیا۔ سینیٹ اجلاس میں جب وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان نے بل پیش کرنا چاہا تو اپوزیشن نے انہیں روک دیا۔ اپوزیشن کی مخالفت پر بل وفاقی وزیر شبلی فراز نے پیش کیا جس پر اپوزیشن کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا۔ اس موقع پر سینیٹ میں قائد ایوان ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ سی پیک ایک بہت اہم منصوبہ ہے اور ملک کا مستقبل اس سے جڑا ہوا ہے۔ ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ سی پیک اتھارٹی کا جلد قیام ہو تاکہ یہ بجٹ میں شامل کیا جائے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ سی پیک اتھارٹی بل کو ایوان منظور کرے۔

سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ چین کے ساتھ بہت اہم تعلقات ہیں۔ انہوں ںے کہا کہ سی پیک اتھارٹی بل کو آخر میں اضافی ایجنڈا کے طور پر حکومت لے کر آئی ہے۔ سینیٹ میں قائد ایوان ڈاکٹر شہزاد وسیم نے اس پر کہا کہ پیش کردہ بل کو فوری طور پر منظور کیا جائے۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہمیں اس بل پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔ بل قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیں، پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما کی جانب سے پیش کردہ تجویز پر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے مؤقف اختیار کیا کہ بل کو منظور کرنے یا قائمہ کمیٹی کو بھیجنے پر ایوان کی رائے لی جائے۔ اپوزیشن کی سینیٹ میں عدم موجودگی کے دوران سی پیک اتھارٹی بل منظور کر لیا گیا جس کے بعد سینیٹ کا اجلاس کل صبح گیارہ بجے تک کے لیے ملتوی کردیا گیا۔


خبر کا کوڈ: 934886

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/934886/سینیٹ-میں-اپوزیشن-کی-عدم-موجودگی-سی-پیک-اتھارٹی-بل-منظور

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org