0
Thursday 27 May 2021 23:55

کشمیر، افغانستان اور فلسطین ایشوز پر حکومت اپنا اعتماد کھوچکی ہے، لیاقت بلوچ 

کشمیر، افغانستان اور فلسطین ایشوز پر حکومت اپنا اعتماد کھوچکی ہے، لیاقت بلوچ 
اسلام ٹائمز۔ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ افغانستان کی فضائی نگرانی کے لیے امریکی فورسز کو فضائی حدود اور ایئربیس کے استعمال کے امریکی دعوی نے حکومت کو مکمل طور پر مشکوک اور بے نقاب کردیا ہے۔ افغان عوام کی فتح کے تاریخ ساز موڑ پر عمران خان حکومت کا سرنڈر فوجی آمر جنرل پرویزمشرف سے بھی بدتر ہے۔ حکومت نے پارلیمنٹ کو مفلوج کردیا ہے۔ قانون سازی آرڈی نینس اور حساس ترین قومی پالیسی محلاتی سازشوں اور عالمی اسٹیبلشمنٹ کی تابعداری اور غلامی کی بنیاد پر ہے۔ جمہوری حکومتیں بھی فوجی آمریتوں کی طرح ملک اور عوام کو اپنا غلام ہی جانتی ہیں۔ کشمیر، افغانستان اور فلسطین ایشوز پر حکومت اپنا اعتماد کھو چکی ہے۔ قومی متفقہ پالیسی سازی کے لیے حکومت اپوزیشن قومی قیادت اور ریاستی ادارے ایک پیج پر آئیں وگرنہ حکومتی نااہلی ناکامی ناتجربہ کاری قومی سلامتی کے لیے انتہائی خطرناک بن گئی ہے۔ 

لیاقت بلوچ نے کہا کہ ملک سیاسی، اقتصادی، بدانتظامی کے بحرانوں کا شکار ہے، کرپٹ مافیا طاقت ور ہوگیا ہے۔ چینی، آٹا، تیل سرکاری چھتری تلے اختیارات کے غلط استعمال سے زمینوں کے سکینڈل سے عوام کی جیبوں اور قومی خزانہ پر اربوں کھربوں روپوں کا مسلسل ڈاکہ مارا جا رہا ہے۔ حکومت صرف تقریریں کر رہی ہے، عوام لٹ رہے ہیں۔ کرپٹ مافیا منہ زور اور عوام کے لیے وبال جان بن گیاہے۔ غربت، بے روزگاری، لاقانونیت اور سرکاری محکموں میں رشوت کے ڈبل ریٹ نے عوام کو بندگلی میں دھکیل دیا ہے اور قومی محاذ پر کشمیر، افغانستان اور فلسطین پر سودے بازی ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے ہمسایہ ملک افغانستان کے مقابلہ میں اگر پاکستان امریکہ کی ڈکٹیشن کے سامنے سرنڈر کر سکتا ہے تو ایسی حکومت سے عوام کی جان مال عزت بھی محفوظ نہیں ہے۔ کرپٹ مافیا اور عالمی اسٹیبلشمنٹ سے ملک و ملت کو نجات دلانے کے لیے قومی قیادت میں قومی ڈائیلاگ ناگزیر ہے۔
خبر کا کوڈ : 934890
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش