QR CodeQR Code

تین سالہ اقتدار نے عمران خان کو بری طرح بے نقاب کر دیا، بلاول بھٹو

28 May 2021 13:54

اپنے بیان میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ وزیراعظم صاحب! ملکی معیشت کسی کو ہٹانے یا لگانے سے بہتر نہیں ہوتی، بلکہ قائدانہ صلاحیتوں سے ملک آگے بڑھتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ 90 روز میں سب اچھا کر دینے والے عمران خان آج 33 ماہ اور 11 دن گزرنے کے بعد بھی کچھ نہ کر سکے اور اگلے 813 دنوں میں بھی وہ کچھ نہیں کرسکیں گے۔ اپنے ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تین سالہ اقتدار نے عمران خان کو بری طرح بے نقاب کر دیا، عوام سمجھ چکے ہیں کہ ان کو تبدیلی کے نام پر دھوکا دینے کی کوشش کی گئی، 90 روز میں سب اچھا کر دینے والے عمران خان آج 33 ماہ اور 11 دن گزرنے کے بعد بھی کچھ نہ کر سکے اور اگلے 813 دنوں میں بھی وہ کچھ نہیں کرسکیں گے، سائیکل والے وزیراعظم کے قصے سنا کر عمران خان نے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کی اور ملک کا مستقبل داؤ پر لگا دیا۔ انہوں نے کہا کہ تین سالوں میں تیسرا مشیر خزانہ لے آئے، ایف بی آر کے چار اور بورڈ آف انوسٹمنٹ کے تین چیئرمین بدل دیئے، مگر عمران خان معیشت میں سدھار نہ لاسکے، تین سالوں میں چوتھا سیکریٹری تجارت بھی بدل دیا، مگر عمران خان عوام کی تقدیر بدلنے میں ناکام ہوگئے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیراعظم صاحب! ملکی معیشت کسی کو ہٹانے یا لگانے سے بہتر نہیں ہوتی، بلکہ قائدانہ صلاحیتوں سے ملک آگے بڑھتا ہے، عمران خان کے ٹیم ورک کا یہ عالم ہے کہ معاشی ٹیم ایک دن فیصلہ کرتی ہے اور اگلے دن کابینہ اس فیصلے کو مسترد کر دیتی ہے۔ بلاول نے کہا کہ پیپلز پارٹی ملک کی وہ واحد جماعت ہے، جس کی معاشی پالیسیاں عوام دوست ہیں، مستقبل میں نوجوانوں کو اگر کوئی روزگار فراہم کر سکتا ہے تو وہ صرف پیپلز پارٹی ہے، آج وقت نے پھر ثابت کر دیا کہ پیپلز پارٹی کی معاشی اور زرعی پالیسیاں ملک کے بہترین مفاد میں رہی ہیں۔


خبر کا کوڈ: 934960

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/934960/تین-سالہ-اقتدار-نے-عمران-خان-کو-بری-طرح-بے-نقاب-کر-دیا-بلاول-بھٹو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org