0
Friday 28 May 2021 17:19

بھارت اور اسرائیل کو انسانی حقوق کے قتل عام سے روکنا ہوگا, چودھری محمد سرور

بھارت اور اسرائیل کو انسانی حقوق کے قتل عام سے روکنا ہوگا, چودھری محمد سرور
اسلام ٹائمز۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے امریکی سینیٹر کرس وین ہالین کی ملاقات، گورنر پنجاب نے امریکی سینیٹ کی کمیٹی میں پاکستان کے معاشی ریلیف کیلئے دیگر امریکی سینیٹرز کے ساتھ ملکر بل جمع کروانے پر کرس وین ہالین کے کردار کو سراہا۔ گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق دورہ امریکہ کے دوران گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے امریکی سینیٹر کرس وین ہالین نے ملاقات کی، اس موقعہ پر امریکہ میں پاکستان کے سفیر اسد مجید اور امریکی ڈیمو کریٹک راہنماء رکن طاہر جاوید سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران پاک امریکہ تعلقات، مسئلہ کشمیر، مسئلہ فلسطین سمیت خطے کی صورتحال اور دہشت گردی کے خلاف جنگ سمیت دیگر امور کے بارے میں بات چیت کی گئی۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے امریکہ میں سفارتی محاذ پر پاکستانی سفیر اسد مجید اور ڈیموکریٹک راہنماء اوورسیز پاکستانی ڈاکٹر جاوید کے کردار کو بھی سراہا۔

امریکی سینیٹر سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری محمد سرور نے کہا کہ دنیا میں امن کا راستہ مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین کے حل سے ہی نکلتا ہے۔ بھارت اور اسرائیل بنیادی انسانی حقوق کا قتل عام کر رہے ہیں، ان کو روکنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے مسئلہ کشمیر کے حل کا وعدہ کر رکھا ہے، ان کو چاہیئے کہ وہ آج مسئلہ کشمیر کیساتھ ساتھ مسئلہ فلسطین کو بھی حل کروائے۔ چودھری محمد سرور نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان امن کیساتھ کھڑا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی افواج اور ہمارے دیگر سکیورٹی فورسز کیساتھ ساتھ عوام نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں اور افغان امن عمل بھی پاکستان اپنی ذمہ داری پوری کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام ہمسائیہ ممالک کے ساتھ بہترین اور پرامن تعلقات کی پالیسی پر گامزن ہے۔ ملاقات کے دوران امریکی سینیٹر کرس وین ہالین نے گورنر پنجاب کو بتایا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کو امریکہ قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کیلئے میں نے دیگر سینیٹرز کیساتھ ملکر پاکستان کے معاشی ریلیف کا بل جمع کروا دیا ہے اور ہم پاکستان کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک کشمیر اور فلسطین میں انسانی حقوق کا تعلق ہے تو انسانیت، انسانی حقوق کا تحفظ  اور دنیا میں امن کا قیام امریکہ کی اولین ترجیح ہے۔
خبر کا کوڈ : 934983
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش