0
Friday 28 May 2021 18:40

وزیر اعلیٰ خالد خورشید سے وزیر زراعت کاظم میثم کی تفصیلی ملاقات، ترقیاتی منصوبوں پر گفتگو

وزیر اعلیٰ خالد خورشید سے وزیر زراعت کاظم میثم کی تفصیلی ملاقات، ترقیاتی منصوبوں پر گفتگو
اسلام ٹائمز۔ وزیر زراعت گلگت بلتستان محمد کاظم میثم نے وِزیراعلی گلگت بلتستان خالد خورشید خان سے اسلام آباد میں تفصیلی ملاقات کی۔ ملاقات میں گلگت بلتستان بھر کی تعمیر و ترقی بلخصوص ترقیاتی منصوبوں پر گفتگو ہوئی۔ اس سلسلے میں بلتستان ریجن کے ترقیاتی منصوبوں بلخصوص شاتونگ نالے کی ڈائیورژن، سدپارہ پاور پروجیکٹ، شغرتھنگ روڈ، شغرتھنگ پاور پروجیکٹ، غواڑی پاور پروجیکٹ، پانچ سو بیڈ ہسپتال، حلقہ ایک اور دو کے لیے سیوریج سسٹم کی منظوری سمیت دیگر پی پی پی موڈ پر ہونے والے منصوبوں کی نگرانی اور خصوصی کاوشوں سے منظوری پر شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید خان نے کہا کہ پورے گلگت بلتستان کی ترقی کے لیے سنجیدہ جدوجہد اور جامع منصوبے پر کام کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ بلتستان ریجن میں شاتونگ نالہ پروجیکٹ، غواڑی پروجیکٹ، پانچ سو بیڈ ہسپتال اور شغرتھنگ روڈ سمیت دیگر منصوبوں کی نگرانی میں خود کروں گا اور منصوبوں میں کسی قسم کی کوتاہی اور غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا بلتستان ریجن میں سکردو سٹی پر بھاری بھر کم بوجھ ہے، ہسپتال اور تعلیمی اداروں پر بوجھ ہے انفراسٹرکچر ناقص ہے۔

خالد خورشید نے کہا کہ بدترین لوڈشیڈنگ اور پینے کے پانی کی فراہمی کا مسئلہ بھی ہے۔ آر ایچ کیو کی مسنگ فیسلیٹیز کو فوری طور پر پوری کی جائے گی۔ پورے بلتستان ریجن میں ایم آر آئی مشین تک نہ ہونا انتہائی افسوسناک ہے۔ بہت جلد ایم آر آئی مشین ہوگی اور تمام شعبوں کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حلقہ دو سکردو کی آبادی بہت زیادہ اور مسائل گوناگوں ہیں۔ تعلیم، پینے کے پانی کی فراہمی رابطہ سڑکیں اور صحت کی سہولت کے لیے جامع منصوبہ بندی پہ کام ہوگا اور سیاحتی مقام ہونے کے ناطے بنیادی سہولیات کی فراہمی نہایت اہم ہے، جس کے اثرات پورے گلگت بلتستان پہ مرتب ہوں گے۔

صوبائی وزیر زراعت کاظم میثم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کی تاریخ میں پہلی دفعہ بنیادی اور میگا پروجیکٹس پر کام جاری ہے جس سے خطے کی تقدیر بدل جائے گی۔ شغرتھنگ روڈ کی تعمیر کے بعد جی بی میں سیاحت کی انڈسٹری پہ بڑا اثر پڑے گا۔ بلتستان ریجن کو ماضی میں دیوار سے لگایا گیا، اب عوام کو موجودہ حکومت سے بہت زیادہ توقعات وابستہ ہیں۔ ماضی میں بنیادی کام ہوتا تو آج سکردو شہر بوند بوند پانی کو ترس نہ رہا ہوتا اور نہ بدترین لوڈشیڈنگ ہوتی۔ ان کا واحد حل شاتونگ منصوبے پر فوری کام ہے۔
 
خبر کا کوڈ : 935000
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش