QR CodeQR Code

حکمران سابقہ غلطیوں سے سبق سیکھیں، علامہ سید جواد نقوی

دوسروں کی جنگ میں پاکستان کو دھکیلنے کی غلطی نہ دہرائی جائے، خطاب

29 May 2021 13:52

لاہور میں اجتماع سے خطاب میں ٹی بی یو ایم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ افغانستان میں شام اور عراق میں شکست خوردہ دہشتگرد اور ترکی نے جن شدت پسندوں کو استعمال کیا اور اس کے علاوہ عرب امارات اور سعودی عرب نے امریکی و مغربی سرپرستی میں جو لشکر بنائے تھے، ان کو ایک بڑی سطح پر مسلح کیا جائے گا تاکہ ان دہشتگرد گروپوں کے ذریعے چین ایران اور پاکستان کو دباؤ میں رکھا جا سکے۔


اسلام ٹائمز۔ مجمع المدارس تعلیم الکتاب والحکمہ و تحریک بیداری امت مصطفیٰ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے لاہور میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان سے امریکی انخلاء کے بعد خطے کی پریشانی مزید بڑھ جائے گی جبکہ  وزیر خارجہ اس وقت  فلسطین کے معاملے پر فل ایکشن موڈ میں ہیں، لیکن افغانستان کے مسئلے پر ابھی تک کوئی خارجہ پالیسی سامنے نہیں آئی۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے اندر بہت ہی خطرناک پلاننگ ہو رہی ہے جس سے نہ صرف  افغانی پریشان ہیں بلکہ  پڑوسی ممالک میں بھی خوف پایا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس انخلاء کے بعد سنجیدہ مسائل شروع ہونگے، جبکہ پاکستان کو ایک اور جنگ کیلئے تیار کیا جا رہا ہے۔

علامہ سید جواد نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان کو دونوں طرف سے دباؤ میں رکھنے کیلئے بھارت بھی اثرانداز ہوگا اور طالبان نے بھی پاکستان کو نیم دھمکی دی ہے کہ پاکستان امریکہ کو اڈے دینے سے اجتناب کرے، اگر پاکستان اڈے دیتا ہے تو یہ پاکستان کیلئے نقصان دہ ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں داعش و القاعدہ پہلے سے موجود ہیں اب ان میں مزید اضافہ ہوگا، اس سلسلے میں شام اور عراق میں شکست خوردہ دہشتگرد اور ترکی نے جن شدت پسندوں کو استعمال کیا اور اس کے علاوہ عرب امارات اور سعودی عرب نے امریکی و مغربی سرپرستی میں جو لشکر بنائے تھے، ان کو ایک بڑی سطح پر مسلح کیا جائے گا تاکہ ان دہشتگرد گروپوں کے ذریعے چین ایران اور  پاکستان کو دباؤ میں رکھا جا سکے۔

علامہ سید جواد نقوی کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حکمرانوں کو سابقہ غلطیوں سے سبق سیکھنا چاہیے اور دوسروں کی جنگ میں پاکستان کو دھکیلنے کی غلطی دوبارہ نہ دہرائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکمران اس وقت ہوش کے ناخن لیں اور اپنی خارجہ پالیسی کی سمت درست کرلیں۔


خبر کا کوڈ: 935163

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/935163/حکمران-سابقہ-غلطیوں-سے-سبق-سیکھیں-علامہ-سید-جواد-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org