0
Saturday 29 May 2021 15:25

کوئٹہ میں غیر قانونی گاڑیوں، ہوائی فائرنگ اور لینڈ مافیا کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

کوئٹہ میں غیر قانونی گاڑیوں، ہوائی فائرنگ اور لینڈ مافیا کیخلاف کارروائی کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کوئٹہ اظہر اکرام نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت میں ہوائی فائرنگ کرنے کا رحجان بڑھ رہا ہے، جو بعض اوقات قیمتی جانوں کے ضیاع کا سبب بنتا ہے، اس لئے اس کی روک تھام ضروری ہے۔ پولیس نے فیصلہ کیا ہے کہ یکم جون سے ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے شہر میں چلنے والی غیر قانونی گاڑیوں اور رکشوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ گاڑیوں میں کالے شیشے، پلیٹ نمبر کا نہ ہونا، فیک پلیٹ نمبر لگانا اور پلیٹ نمبر کے بجائے کوئی عہدہ یا نام لکھنا بھی جرم ہے، جن کے خلاف سخت اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہر میں غیر قانونی رکشوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، جس کے بارے میں مشاورت کے بعد یہ فیصلہ ہوا ہے کہ غیر قانونی رکشوں کے خلاف بھی ایکسائز سمیت متعلقہ اداروں کے ساتھ جوائنٹ کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اطلاع ملی ہے کہ بعض پولیس سارجنٹس کے پاس غیر قانونی رکشے ہیں، جنہیں عنقریب گرفت میں لے لیا جائے گا۔ اس کے علاوہ پولیس اہلکاروں کے نام پر چلنے والے غیر قانونی رکشوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔

ڈی آئی جی پولیس نے لینڈ مافیا کے خلاف کارروائی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم کسی کو اس بات کی اجازت نہیں دیں گے کہ وہ کسی شریف آدمی کی جائیداد پر قبضہ کرے، اسی لئے شہر میں لینڈ مافیا کے خلاف بھی کارروائی کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس پریس کانفرنس کے توسط سے لینڈ مافیا کو وارنگ دیتا ہوں یا تو کوئٹہ چھوڑ کر چلے جائیں یا اپنے کرتوت درست کرلیں۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد آپ لینڈ مافیا کے بڑے نام پولیس کی حراست میں دیکھیں گے۔ اظہر اکرام نے کہا کہ نجی گارڈز کی وجہ سے معاشرے میں لاقانونیت بڑھتی جا رہی ہے، جس کے منفی اثرات معاشرے پر رونماء ہوتے ہیں، آئندہ پرائیویٹ گارڈر کو گاڑیوں سے باہر گن نکالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 935175
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش