0
Sunday 30 May 2021 01:09

تعلیمات اہلبیت اور اخلاقی تربیت وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، علامہ علی حسنین الحسینی

تعلیمات اہلبیت اور اخلاقی تربیت وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، علامہ علی حسنین الحسینی
اسلام ٹائمز۔ کوئٹہ کے معروف عالم دین علامہ علی حسنین الحسینی نے کہا ہے کہ ایک مہذب اسلامی معاشرے کے لئے بچوں کی تربیت اور دین سے آگاہی کی طرف توجہ دینے کی اشد ضرورت ہے۔ اگر معاشرے کی اصلاح کرنی ہے تو نوجوانوں کی تربیت پر کام کرنا ہوگا۔ جس معاشرے میں دین فہمی کم ہو، وہاں متعدد برائیاں سر اٹھاتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فاطمیہ اسلامک سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ دینی علوم اور تربیت کو فروغ دینے کے لئے وجود میں آنے والے فاطمیہ اسلامک سینٹر کا افتتاح میجر (ر) نادر علی نے اپنے دست مبارک سے کیا۔ جس کے بعد علامہ عارف، علامہ محمد موسٰی حسینی، علامہ علی حسنین الحسینی اور دیگر مقررین نے شرکاء سے خطاب کیا۔ تقریب میں علمائے کرام کے علاوہ شہر کی دیگر معروف شخصیات بھی شریک تھیں، جنہوں نے سینٹر کے قیام کو خوش آیند قرار دیا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران علامہ علی حسنین الحسینی کا کہنا تھا کہ ایک معاشرہ اس وقت بہتری کی طرف گامزن ہوسکتا ہے، جب ان میں قرآن شریف کے احکامات پر عمل کرنے والے ہوں۔ قرآن فہمی کے بغیر اسلامی معاشرے کی تشکیل ناممکن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بہتر مستقبل کا حصول تعلیمات اور سیرت اہل بیتؑ پر عمل کرنے سے ہی ممکن ہے۔ لوگ اس وقت تک کشمکش کا شکار رہیں گے، جب تک ان میں اہل بیت کی تعلیمات نہ پہنچیں۔ انہوں نے اخلاقیات اور عقائد کو دور حاضر کی اہم ترین ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو اعلیٰ اخلاقی اقدار اور مضبوط عقیدے کی آگاہی حاصل کرنی چاہیئے۔ دین کی خدمت کرنے والوں کو عوام کے مضبوط عقیدے اور شرعی اصولوں کی پختہ بصیرت پر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں مثبت تبدیلیوں کے لئے دینی علم و تربیت کا خصوصی اہتمام کرنا ہر اس عالم دین کی ذمہ داری ہے، جو دین کی خدمت کرتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 935272
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش