0
Sunday 30 May 2021 14:32

اسرائیل، فلسطین سیز فائر عمران خان کی کوششوں سے ہوا، طاہر اشرفی

بغیر تحقیق مسلح افواج پر الزام عائد کرنا قابل قبول نہیں، پریس کانفرنس
اسرائیل، فلسطین سیز فائر عمران خان کی کوششوں سے ہوا، طاہر اشرفی
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی حافظ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے کسی کو بھی خطبات جمعہ تیار کرنے کیلئے نہیں کہا گیا، ملک میں بین المذاہب ہم آہنگی کی صورتحال مثالی ہے۔ لاہور میں پریس کانفرنس میں حافظ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ آج متحدہ علماء بورڈ کا خصوصی اجلاس ہوا ہے، جس میں تمام مکاتب فکر کے علماء کو دعوت دی گئی ہے۔ اجلاس میں مسئلہ فلسطین کے حوالے پاکستان کی جانب سے کئے گئے اقدامات کو سراہا گیا ہے۔

طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ اپنا مسلک چھوڑو نہیں، دوسرے کا چھیڑو نہیں کے اصول پر عمل  پیرا ہیں، نوجوان نسل کو شرپسندی سے بچانے کیلئے مسلم، مسیحی، سکھ برادری کیساتھ مل کر مہم چلائیں گے، ضلعی امن کمیٹیوں کو از سرنوء فعال بنائیں گے۔ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں بین المسالک اور بین المذاہب ہم آہنگی کی صورتحال آئیڈیل ہے، گرین پاکستان کے منصوبہ کو کامیاب بنانے کیلئے علماء کے تعاون سے عوام میں شعور بیدار کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ اوقاف سے متعلق علماء و مشائخ کے تحفظات دُور کرنے کیلئے کمیٹی قائم کر دی گئی ہے، عقیدہ ختم نبوت، مسجد و مدارس کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
 
اُن کا کہنا تھا کہ آج اسرائیل اگر چیخ رہا ہے تو پاکستان پر چیخ رہا ہے، اسرائیل اور فلسطین کے درمیان سیز فائر بھی وزیراعظم اور وزیر خارجہ کی کوششوں سے ہوا، پاکستانی قوم کل بھی فلسطینی بھائیوں کیساتھ کھڑی تھی اور آج بھی ان کیساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی تمام اقلیتی برادریوں نے بھی مکمل تعاون کیا ہے، تمام مذاہب کے مقدسات کا احترام ہمارے لئے مقدم ہے، ہم نے آگ میں کھڑے ہو کر امن کی بات کی ہے۔
 
صحافی اسد علی طور پر تشدد کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کسی بھی واقعہ پر بغیر تحقیق مسلح افواج پر الزام عائد کرنا قابل قبول نہیں، انتہا پسندی، دہشتگردی کیخلاف جنگ عوام اور مسلح افواج کی بدولت جیتی گئی ہے، ذاتی بغض و عناد پر ملکی سلامتی کے اداروں کو نشانہ بنانا قابل قبول نہیں۔ اسد علی طور پر تشدد کرنیوالوں کیخلاف تحقیقات ہونی چاہیئں، قومی سلامتی کے اداروں کو ہدف تنقید بنانا سوچی سمجھی سازش ہے۔ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کسی کو شر پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، سوشل میڈیا پر سازشیں کرنیوالوں کیخلاف پی ٹی اے، وزارت اطلاعات، پیمرا سے رابطہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہزاد اکبر کی والدہ کی نماز جنازہ بریلوی مسلک کے علماء نے پڑھائی، ہم کسی کا دل چیر کر اس کا عقیدہ دیکھ نہیں سکتے، مجھے تو کوئی شک نہیں، تاہم شہزاد اکبر کو وضاحت کر دینی چاہیئے۔
خبر کا کوڈ : 935370
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش