QR CodeQR Code

اعلی ترین مصری سکیورٹی وفد "تل ابیب" روانہ

30 May 2021 19:28

مصری صدر عبدالفتاح السیسی کے خصوصی حکم پر غاصب صیہونی رژیم کیساتھ غزہ کی جنگبندی کو مستحکم کرنے کیلئے مصری انٹیلیجنس چیف عباس کامل کی سربراہی میں ایک اعلی سطحی سکیورٹی وفد "مقبوضہ فلسطین" روانہ ہو گیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ عالمی میڈیا کے مطابق مصری انٹیلیجنس چیف "عباس کامل" کی سربراہی میں مصر کا ایک اعلی سطحی سکیورٹی وفد غاصب صیہونی رژیم کے دارالحکومت تل ابیب روانہ ہو گیا ہے جہاں وہ غاصب صیہونی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کے ساتھ ملاقات کرے گا جس میں فلسطین کی تازہ ترین صورتحال پر گفتگو کے ساتھ ساتھ فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے ساتھ اسرائیل کی یکطرفہ جنگ بندی کو مزید مستحکم بنانے پر بھی بات چیت کی جائے گی۔ عرب ای مجلے الیوم السابع کے مطابق مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے اس کے ساتھ ساتھ ایک اعلی سطحی سکیورٹی وفد کو فلسطین بھی بھیج رکھا ہے جس کا مقصد غزہ میں حماس کے مرکزی رہنماؤں کے ساتھ ملاقات، اسرائیل کے خلاف مبینہ "اشتعال انگیز کارروائیوں" سے اسے روکنا، اسرائیل کے ساتھ طے پانے والی جنگ بندی کو مزید مستحکم بنانا اور غزہ کی تعمیر نو کے حوالے سے بات چیت کرنا ہے۔ عبدالفتاح السیسی نے اپنے وفد کے ذریعے تاکید کی ہے کہ فلسطینیوں کے درمیان (اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کے حوالے سے موجود) اختلاف کا فی الفور خاتمہ کیا جائےاور آئندہ (غاصب صیہونی رژیم) اسرائیل کے ساتھ تناؤ پر مبنی کسی بھی قسم کے اقدام کے دہرائے نہ جانے کی یقین دہانی کروائی جائے۔ رپورٹ کے مطابق مصری صدر نے حکم دیا ہے کہ اسرائیلی گمشدہ افراد و گرفتار ہونے والوں کی بازیابی اور قیدیوں کے مسئلے کے حل کے لئے فی الفور مذاکراتی نشستوں کا اہتمام کیا جائے۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو، اسرائیلی قومی سلامتی کمیشن کے سربراہ منیر بن شبات اور صیہونی انٹیلیجنس چیف ایلی کوہن کے ساتھ الگ الگ ملاقاتیں بھی مصری اعلی سطحی انٹیلیجنس وفد کے پروگرام میں شامل ہیں۔ واضح رہے کہ اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کے حوالے سے مصر کی جانب سے فلسطینی مزاحتمی تحریکوں پر یہ دباؤ ایک ایسے وقت میں ڈالا جا رہا ہے جب حال ہی میں غزہ پر مسلط کردہ 12 روزہ صیہونی جنگ کا خاتمہ ہوا ہے جس میں 66 بچوں، 39 خواتین اور 17 بوڑھوں سمیت 255 نہتے فلسطینی شہری شہید ہوئے تھے۔


خبر کا کوڈ: 935391

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/935391/اعلی-ترین-مصری-سکیورٹی-وفد-تل-ابیب-روانہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org